فیصل کریم کنڈی پیپلزپارٹی کی نمائندگی نہیں کررہے، شازیہ مری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی موجودہ صورتحال میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی نہیں کر رہے بلکہ وفاقی حکومت کے کہنے اور طے شدہ ٹارگٹ کے تحت اقدامات کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی پالیسی یہ نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخواہ میں لگی ایمرجنسی اور گورنر راج جلد ختم ہونا چاہیئے اور سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈائیلاگ کے ذریعے سیاسی حکومت اور اختیار واپس ملنا چاہیئے۔
اینکرپرسن کرن ناز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں اس وقت ایک غیر معمولی صورتحال اور ایمرجنسی کے تناظر میں گورنر راج نافذ ہے، جسے انہوں نے بدقسمت قرار دیا، تاہم اینکر کی جانب سے یہ نشاندہی کیے جانے پر کہ فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کے گورنر ہیں، شازیہ مری نے کہا کہ ایمرجنسی کی اس صورتحال میں وہ پیپلز پارٹی کو ریپریزنٹ نہیں کررہے کیونکہ انہیں جو ذمہ داریاں ادا کرنی پڑ رہی ہیں اس میں ان کی کمیونیکیشن وفاقی حکومت سے زیادہ رہتی ہے اور انہیں موجودہ صورتحال کے لیے ایک ٹارگٹ ملا ہوا ہے۔
فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کی نمائندگی نہیں کررہے، فیصل کنڈی خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے خلاف جو کاروائیاں کر رہے ہیں وہ وفاق کے کہنے پر کررہے ہیں،یہ پیپلز پارٹی کی پالیسی نہیں ہم چاہتے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج ختم ہو اورسیاسی لوگوں کو اختیار واپس ملے، شازیہ مری https://t.co/uvrPVBRAmc
— Aamir Baloch (@amirbalochisb) November 22, 2026
خیبر پختونخواہ میں 3 ایم پی او کے تحت گرفتاریوں، وزیرِ اعلیٰ کے لاپتہ ہونے اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق سوال پر پی پی رہنماء نے کہا کہ کے پی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہرگز نہیں ہے، وہاں دہشت گردی، سکیورٹی اور انتظامی حوالے سے ایک غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث بعض انتظامی اقدامات ناگزیر ہوگئے، تاہم پیپلز پارٹی کا مؤقف یہ ہے کہ سیاسی ڈائیلاگ ناگزیر ہے۔
سیاسی مکالمے اور سیاسی انتقام کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کے باوجود ایک دوسرے کی رائے کا احترام ضروری ہے اور باہمی بدلہ لینے کی سوچ ختم ہونی چاہیئے، پاکستان پیپلز پارٹی نے پولیٹیکل وکٹمائزیشن کا خاتمہ کیا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دوبارہ وہی ماحول بنایا جا رہا ہے، پارٹی کی خواہش ہے کہ اکثریتی سیاسی اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے ذریعے ایمرجنسی اور گورنر راج کا خاتمہ ہو اور سیاسی عمل و اختیار بحال کیا جائے۔
