کوئٹہ میں غیر قانونی ٹیوب ویلز سے متعلق محکمہ پی ایچ ای کی نامکمل رپورٹ مسترد، ازسرنو جامع سروے کا حکم: بلوچستان ہائیکورٹ
کوئٹہ ایسٹ کے 295 میں سے 227 ٹیوب ویلز بغیر این او سی چلنے کا انکشاف، سرکاری ٹیوب ویلز پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت، سماعت 23 دسمبر تک ملتوی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)کی تشکیل کردہ کمیٹی کی رپورٹ اور کوئٹہ میں ٹیوب ویلوں کی مجموعی تعداد و قانونی حیثیت سے متعلق نامکمل رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں تمام ٹیوب ویلوں کا ازسرنو جامع سروے کرانے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ای کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی نشاندہی کے لیے مثر ٹیم تشکیل دیں اور مکمل سروے کرائیں۔ سماعت کے دوران پیش کی گئی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی رپورٹ کے مطابق دو سو پچانوے ٹیوب ویلوں میں سے صرف اڑسٹھ کے پاس این او سی موجود ہے جبکہ دو سو ستائیس ٹیوب ویل بغیر این او سی کے کام کر رہے ہیں۔ عدالت عالیہ نے سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں کا معاملہ ڈپٹی کمشنرز کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کے سپرد کرتے ہوئے انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے اور سرکاری ٹیوب ویلوں پر غیر قانونی قابضین سمیت اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سماعت کے دوران عدالت کو بی واسا حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ نجی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی بی واسا کی تقریبا اسی فیصد پائپ لائنیں منقطع کی جا چکی ہیں، اختر آباد ڈیم کے قریب پانچ ٹیوب ویل بجلی، پائپ لائنوں اور دیگر تعمیراتی کاموں کی عدم تکمیل کے باعث تاحال غیر فعال ہیں جبکہ سجاول آباد کے چار ٹیوب ویلوں سے ہزارہ ٹان کے آبی ذخائر کو پانی فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ عدالت کو مزید بتایا گیا کہ ہزارہ ٹان کے مشرقی اور مغربی علاقوں کو خرخسہ ڈیم کے نو ٹیوب ویلوں سے متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ ہزارہ ٹان کے سات بلاکس کو خرخسہ ڈیم کے اطراف قائم نو ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی جاری تو ہے تاہم پانی کی فراہمی غیر باقاعدہ اور محدود ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے پانی کی فراہمی کے لیے خستہ حال پائپ لائنوں کی فوری مرمت اور تبدیلی کا حکم دیتے ہوئے بی واسا کے متعلقہ انجینئر کو تمام ضروری کام بلا تاخیر مکمل کرنے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو کوئٹہ شہر اور گردونواح میں پانی کی فراہمی کے مستقبل کے لیے جامع منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت تئیس دسمبر دو ہزار چھبیس تک ملتوی کر دی ہے۔
