سرحدی تجارت بلوچستان کی تقدیر بدلنے اور معاشی خودمختاری کی بنیاد بن سکتی ہے، میر اعجاز خان سنجرانی

نوکنڈی (قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر سابق مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر اعجاز خان سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرحدی تجارت کے فروغ کے لیے کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کی کاوشیں صوبے کے معاشی مستقبل کے حوالے سے ایک مثبت اور دور رس اہمیت کی حامل پیش رفت ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو نئی سمت ملے گی بلکہ عام شہریوں کے لیے معاشی بہتری کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی حیثیت اسے علاقائی تجارت کا ایک اہم مرکز بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس صلاحیت کو مؤثر حکمت عملی کے ذریعے بروئے کار لایا جائے اور سرحدی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو ترقی کے عمل میں براہِ راست شریک کیا جائے۔میر اعجاز خان سنجرانی کا کہنا تھا کہ بارڈر ٹریڈ سے وابستہ رکاوٹوں کو دور کرنا، تاجروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور تجارتی نظام میں سہولت و شفافیت لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں مقامی کاروبار کو وسعت ملے گی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سرحدی علاقوں کی معاشی محرومیوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی صرف اعلانات سے ممکن نہیں بلکہ ایسے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جن کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔ سرحدی تجارت کو قانونی اور منظم تجارتی نظام کا حصہ بنا کر صوبے میں سرمایہ کاری، کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔میر اعجاز خان سنجرانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور سرحدی تجارت کے فروغ جیسے اقدامات اس منزل کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار، تاجروں کو بہتر کاروباری مواقع اور عوام کو ایک مستحکم معاشی مستقبل میسر آسکے۔
