پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، فی کلو قیمت 294 روپے 8 پیسے مقرر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر 2026 کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی زیادہ سے زیادہ صارف قیمت 294 روپے 8 پیسے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جبکہ 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق اکتوبر کے مقابلے میں ایل پی جی فی کلوگرام 14 روپے 73 پیسے مہنگی ہوئی ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 173 روپے 86 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اکتوبر 2026 میں ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت 279 روپے 34 پیسے تھی، جبکہ 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے مقرر تھی۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ سعودی آرامکو کے کنٹریکٹ پرائس میں 6.47 فیصد اضافہ ہے، جبکہ اس دوران امریکی ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں معمولی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔
اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر 2026 سے ہو چکا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور مقامی مارکیٹ کی صورتحال کے باعث صارفین کو ایل پی جی مختلف قیمتوں پر دستیاب ہو سکتی ہے۔
