مسلم لیگ بلوچستان کی تمام ضلعی اور ذیلی تنظیمیں تحلیل، تمام اضلاع میں نئے آرگنائزر مقرر کرکے تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا، جمال شاہ کاکڑ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے صوبے بھر میں پارٹی کی تمام ضلعی اور ذیلی تنظیمیں تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں سینئر اور تجربہ کار رہنماں پر مشتمل آرگنائزر مقرر کیے جائیں گے، جو کارکنوں کی مشاورت سے نئی تنظیم سازی مکمل کریں گے۔جمعہ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ گرینڈ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پارٹی میں گروپ بندی اور انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے فارغ کیا جائے گا۔انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والی نئی خواتین کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کی خواتین کارکن مرد کارکنوں کے مقابلے میں بھی پارٹی کو فعال بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے انہیں تنظیم سازی کے اختیارات تفویض کیے تھے، جس کے تحت بلوچستان کی تمام ذیلی اور ضلعی تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے آرگنائزر سینئر اور تجربہ کار رہنماں میں سے مقرر ہوں گے، جو کارکنوں کی مشاورت سے تنظیمیں تشکیل دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ پہلے ہی تحلیل ہوچکی ہے، تاہم ایک شخص خود کو پارٹی کا سیکرٹری اطلاعات ظاہر کرکے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، جسے شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کسی قسم کی گروپ بندی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پارٹی کے وزرا اور منتخب ارکان اسمبلی پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی وقت نکالیں۔جمال شاہ کاکڑ نے اقلیتی برادریوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کی مسیحی برادری سمیت دیگر اقلیتی برادریوں کے مسائل متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری کے سامنے رکھے گئے ہیں، جنہوں نے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ تمام کارکنوں کو پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہوکر پاکستانیت کا نعرہ بلند کرنا ہوگا۔ قوم پرستی کی آڑ میں ملک و قوم کو نقصان پہنچانے اور عوام کو تقسیم کرنے کی کوششوں کا راستہ روکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمال شاہ کاکڑ کی قیادت میں پارٹی کے تمام تنظیمی ادارے متحد ہوکر مسلم لیگ (ن)کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert