دہشتگردی کا سیاسی حل نہیں، ایسے عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا، اسپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور(قدرت روزنامہ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ماحول میں کسی ملک میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں، تاہم پاکستان میں غیر یقینی حالات کے باوجود سرمایہ لگانے والے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے ہیرو ہیں۔ دہشتردی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ ایسا جرم ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور اس کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد اور تجارتی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، کیونکہ دہشتگردی کا ایک واقعہ پوری معیشت، اسٹاک مارکیٹ اور کاروباری ماحول کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس کے باوجود بڑے پیمانے پر صنعتوں اور دیگر کاروباروں میں سرمایہ کاری کرنا قابلِ قدر اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف حکومت، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے عزم کو بھی سراہنا چاہیے۔ بندوق اٹھانے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے ساتھ سیاسی حل تلاش نہیں کیا جاسکتا، بلکہ ان کا مقابلہ کرکے ان کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
ملک احمد خان نے ماضی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان جہاد، اسٹریٹجک ڈیپتھ اور بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو پاکستان میں آباد کرنے جیسے فیصلوں کے نتائج آج سامنے آرہے ہیں۔ ان کے مطابق ان پالیسیوں کے اثرات کئی دہائیوں سے ملک اور آنے والی نسلیں بھگت رہی ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف موجودہ عزم کو برقرار رکھنا ضروری ہے، کیونکہ اس مسئلے نے پاکستانی عوام کو طویل عرصے سے خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور کر رکھا ہے۔
انہوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جتنے زیادہ انتظامی یونٹس بنائے جائیں گے، ان کے لیے اتنا ہی زیادہ بجٹ درکار ہوگا، اس لیے اس معاملے میں مالی وسائل اور اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ عمل طریقہ کار پر غور کرنا چاہیے۔
