امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول نظام بیٹھ گیا، 15 ہزار سے زائد پروازیں متاثر، آپریشن بحال

امریکہ (قدرت روزنامہ)امریکا میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن معطل ہونے کے بعد پروازیں بتدریج بحال کر دی گئی ہیں۔ اس بڑے تعطل کے نتیجے میں 6 ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ اور 8 ہزار 600 سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آپریشن معمول پر آنے میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے جمعے کو ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ جاری کیا تھا، جس کے تحت پروازوں کی روانگی روک دی گئی۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بتایا کہ امریکی فضائی حدود رات 8 بج کر 15 منٹ پر دوبارہ کھول دی گئیں، تاہم پروازوں کی بحالی مرحلہ وار ہوگی۔
شان ڈفی کے مطابق خرابی جمعے کی سہ پہر 3 بج کر 36 منٹ پر ریڈار اور مواصلاتی نظام میں عدم استحکام کے باعث شروع ہوئی۔ ڈیٹا کی غیر معمولی ترسیل سے سوئچز اور روٹرز پر دباؤ بڑھ گیا تھا، جس کے نتیجے میں نظام کے اعداد و شمار میں تضادات پیدا ہوئے اور حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں روکنا پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری تکنیکی مسئلہ حل کر لیا گیا ہے اور فضائی سفر محفوظ ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر مارک وین مولن نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے کسی خودکار نظام کے باعث خرابی کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ قومی سلامتی ایجنسی بھی اس معاملے کی تحقیقات میں معاونت کر رہی ہے۔
رائٹرز کے مطابق اس واقعے نے امریکا کے پرانے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی خامیوں اور تکنیکی مسائل کو نمایاں کر دیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے نظام کو جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پرانے انفرااسٹرکچر کی مکمل تبدیلی ناگزیر ہے۔
حکام کے مطابق اس تعطل سے ہزاروں مسافر رات بھر ہوائی اڈوں پر پھنسے رہے۔ ایئرلائنز کو پروازوں کے نظام الاوقات، طیاروں اور عملے کی دستیابی بحال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اتوار کے لیے بھی مزید 1500 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔ یہ واقعہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکا میں فضائی آپریشن کی طویل ترین ملک گیر بندش قرار دیا جا رہا ہے۔
