کراچی گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن کا ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام اور صارفین تک منتقل کرنا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر رانا محمد اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی کرایوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
رانا محمد اسلم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹول ٹیکس میں کمی کی جائے اور ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی کم کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 330 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 360 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں تین روز تک نافذ العمل رہیں گی۔
