نئے صوبوں پر ریفرنڈم سے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو بائی پاس نہیں کیا جا سکتا، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے واضح کردیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی صورت میں بھی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے آئینی کردار کو نظرانداز یا ختم نہیں کیا جا سکتا، اس معاملے پر قومی اتفاقِ رائے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت ضروری ہے۔
نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اتفاقِ رائے ہونا چاہیے، جو تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت اور باہمی رضامندی کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت صوبائی اسمبلیوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کے آئینی کردار کو بائی پاس یا غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا، ایسا کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا باضابطہ مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ، جہاں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے، نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا سب سے موزوں فورم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں کا قیام، این ایف سی ایوارڈ فارمولے میں تبدیلی، رانا ثنااللہ کھل کر بول پڑے
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر کوئی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے کردار کو نظرانداز کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے بھی آئینی طریقہ کار ہونا چاہیے، محض زبانی بیانات کی بنیاد پر ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کے حق میں اپنی رائے دیتی ہے تو پارلیمنٹ میں موجود عوامی نمائندے اکثریتی رائے کو مدنظر رکھیں گے۔
ان کے مطابق پارلیمنٹ کے ارکان عوام کے منتخب نمائندے ہیں، اس لیے عوامی خواہشات اور اکثریتی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
پی ٹی آئی کو سیاسی اختلافات ختم کرکے مذاکرات کی دعوت
طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی دعوت دی کہ وہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر مذاکرات کی میز پر آئے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو پارلیمنٹ اور کابینہ میں زیر بحث لانے کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے اندر اور ان کے درمیان بھی تفصیلی مشاورت ہونی چاہیے، تاکہ تمام فریقوں کی رضامندی سے سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق موجودہ بحث کا آغاز 30 جولائی کو ہوا تھا، جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک کے انتظامی اور حکومتی نظام میں وسیع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نئے صوبے یا اضافی انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔
محسن نقوی کا مؤقف تھا کہ بہتر طرز حکمرانی، عوام کو انصاف کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کی خاطر موجودہ انتظامی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیاں ضروری ہیں۔
سندھ میں پیپلز پارٹی کی مخالفت، ایم کیو ایم کی حمایت
محسن نقوی کی تجویز سامنے آنے کے بعد سندھ میں سیاسی ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں پیپلز پارٹی نے صوبے کی تقسیم کی مخالفت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موجودہ نظام حکومت کے ناکام ہونے سے متعلق محسن نقوی کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے نئے صوبوں کی تجویز کو فرسودہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر کسی قسم کا خون خرابہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اگست میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم۔پی) نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان قومی مکالمے کا مطالبہ کیا تھا۔
ایم کیو ایم کا مؤقف تھا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی، ناقص طرز حکمرانی اور سیاسی اختیارات کے ارتکاز کے باعث انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہو چکا ہے۔
اس مؤقف کے باعث وفاقی حکومت میں اتحادی جماعت ہونے کے باوجود ایم کیو ایم اور سندھ میں برسراقتدار پیپلز پارٹی کے درمیان اس معاملے پر اختلافات سامنے آئے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے انتظامی اصلاحات اور سندھ کی تقسیم کو 2 الگ معاملات قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی حکومت بہتر طرز حکمرانی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم ان اصلاحات کو نئے صوبے کے قیام سے جوڑنے کی مخالفت کرتی ہے۔
سندھ اسمبلی کی متفقہ قرارداد، صوبے کی تقسیم مسترد
نئے صوبوں کا معاملہ ستمبر کے آغاز میں سندھ اسمبلی تک بھی پہنچ گیا تھا۔ 3 ستمبر کو سندھ اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے صوبے کی تقسیم یا اس کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی کی کسی بھی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔
قرارداد میں سندھ کو ایک تاریخی، تہذیبی اور آئینی وحدت قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ ’سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا‘۔
تاہم محسن نقوی نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ نہیں دیا اور 5 ستمبر کو کہا تھا کہ وہ عہدے پر رہیں یا نہ رہیں، نئے صوبوں کے قیام کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا حتمی فیصلہ سیاستدانوں یا حکومتوں کے بجائے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، تاہم فیصلہ کرنے سے قبل عوام کو نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے فوائد اور نقصانات سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
ریفرنڈم اور آئینی طریقہ کار پر نئی بحث
عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز سامنے آنے کے بعد آئینی اور قانونی بحث بھی شروع ہوگئی ہے۔
آئین کے آرٹیکل 48(6) کے تحت قومی اہمیت کے کسی معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی منظوری کے بعد ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، تاہم ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے معلوم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس کے نتیجے میں ازخود نیا صوبہ قائم ہو جائے گا۔
صوبے کی حدود میں تبدیلی یا نئے صوبے کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل کرنا ضروری ہوگا، جس میں متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے منظوری بھی شامل ہے۔
پی ٹی آئی کا مؤقف، وفاقی اتفاقِ رائے پر زور
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے 7 ستمبر کو خبردار کیا تھا کہ عوام اور متعلقہ نمائندوں کی رضامندی کے بغیر سندھ یا کسی دوسرے صوبے کی تقسیم وفاق کو کمزور کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں نئے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام پر قومی بحث کی ضرورت ہے، نئے صوبوں کے قیام پر قومی مباحثہ میں شرکاء کا اظہار خیال
انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث سے قبل ایک کمیشن تشکیل دیا جائے اور تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ وسیع مشاورت کی جائے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی سندھ کو اپنا مؤقف اختیار کرنے کا حق تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا حتمی فیصلہ قومی اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے الگ سے یہ تجویز بھی دی تھی کہ مستقبل میں انتظامی ڈھانچے کی تشکیل نو کا آغاز اسلام آباد سے کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ متعلقہ آئینی اور سیاسی فورمز پر اٹھایا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے حل کیا جائے۔
