کراچی میں کے فور منصوبے کے تحت ترقیاتی کام، یونیورسٹی روڈ کا اہم حصہ ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی ٹریفک پولیس نے کے فور واٹر سپلائی منصوبے کے تحت ترقیاتی کام کے باعث ہفتہ 14 نومبر کو یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی بندش اور متبادل راستوں کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق حسن اسکوائر سے نیپا تک یونیورسٹی روڈ کا مرکزی حصہ ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جہاں حسن اسکوائر پل کے نیچے ترقیاتی کام کیا جائے گا۔
اس دوران یونیورسٹی روڈ سے عیسیٰ نگری کی جانب 72 انچ قطر کی پانی کی پائپ لائن بچھائی جائے گی، جس کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
متبادل راستوں کی تفصیلات
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق نیو ٹاؤن سے حسن اسکوائر کی جانب آنے والی ٹریفک کو ڈبل روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ مچھلی کٹ سے آنے والی گاڑیوں کو نیپا کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
اسی طرح اسٹیڈیم پل اور لائٹ سگنل کی جانب سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو ڈالمیا کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ بڑی بسیں بھی ڈالمیا کے راستے سے گزاری جائیں گی۔
ترقیاتی کام کے دوران واٹر ٹینکرز اور دیگر بھاری گاڑیوں کو حسن اسکوائر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ حسن اسکوائر پل سے یونیورسٹی روڈ کی جانب اترنے والا ریمپ بھی بند رہے گا۔ اس ریمپ سے آنے والی ٹریفک کو سیدھا لیاقت آباد کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ترقیاتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو پریشانی سے بچانے میں مدد مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert