عمران خان کے اہل خانہ کا اینکر پرسن کے ذریعے معاملات سلجھانے کا انکشاف
اسٹیبلشمنٹ سے بگڑے معاملات ایک اینکر کے ذریعے سلجھانے کی کوشش کررہے ہیں، اینکر ایک وفاقی وزیر کے ساتھ رابطے میں ہیں، اینکر اور وفاقی وزیر دونوں کا تعلق لاہور سے ہے؛ سید عمران شفقت کا دعویٰ

لاہور(قدرت روزنامہ)تجزیہ کار سید عمران شفقت کے ایک سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے اہل خانہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے پسِ پردہ کوششیں کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں سید عمران شفقت نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے اہلِ خانہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اپنے بگڑے ہوئے معاملات اور تناؤ کو کم کرنے کی غرض سے سرگرم ہیں، مبینہ طور پر اس مقصد کے لیے ایک معروف میڈیا اینکر پرسن کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ فریقین کے درمیان رابطے کا پل بنایا جا سکے اور سیاسی ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے راہیں نکالی جا سکیں۔
عمران خان صاحب کے اہل خانہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اپنے بگڑے معاملات کوایک اینکر کے ذریعے سلجھانے کی کوشش کررہے ہیں ، یہ اینکر ایک وفاقی وزیر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ۔
نوٹ : اینکر اور وفاقی وزیر دونوں کا تعلق لاہور سے ہے ۔
بوجھو تو جانیں 😉😉😉😉— Syed Imran Shafqat (@SImranshafqat) November 14, 2026
ایکس پر جاری کردہ سید عمران شفقت کے بیان میں اس پوری کوشش میں ایک ایسے اینکر پرسن کا کردار کلیدی بتایا جا رہا ہے جو نا صرف لاہور سے تعلق رکھتے ہیں بلکہ وہ حکومتی صفوں کے اندر بھی خاص رسوخ رکھتے ہیں، اس کے ساتھ ہی وہ ایک اہم وفاقی وزیر کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں، جو خود بھی صوبائی دارالحکومت لاہور سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔
ادھر صحافی انصار عباسی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی دو بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی جیل سے رہائی پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان حال ہی میں شروع ہونے والے پسِ پردہ رابطوں کا پہلا ٹھوس نتیجہ ہے، جو اسٹیبلشمنٹ اور فوجی قیادت کو نشانہ نہ بنانے اور غیر متنازعہ رہنے کی باضابطہ یقین دہانیوں کے بعد عمل میں آئی۔
رپورٹ میں صحافی کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل سے عمران خان کی دو بہنوں کی رہائی ایک ایسی مفاہمت کے تحت عمل میں آئی ہے جس کا بنیادی مقصد جاری سیاسی کشیدگی اور محاذ آرائی میں کمی لانا ہے، بات چیت سے واقف باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی بہنوں نے متعلقہ رابطہ کاروں کو یہ واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئندہ غیر متنازعہ اور غیرسیاسی رہیں گی، عوامی بیانات یا سیاسی مداخلت سے گریز کریں گی اور بالخصوص فوج کی اعلیٰ کمان اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید یا ان کے خلاف بیانات نہیں دیں گی۔
