اسلام آباد میں 2 کال سینٹرز پر چھاپا، نجی ڈیٹا سے فحش مواد بنانے سے متعلق انکشافات
جڑواں شہروں میں چھاپوں کے دوران 143 لوگ گرفتار ہوئے، جو ساؤتھ ایشین ممالک میں فراڈ کررہے تھے، ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں 2 کال سینٹرز پر چھاپے کے بعد لوگوں کے نجی ڈیٹا سے فحش مواد بنانے سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے اسلام آباد شعیب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 3 دنوں میں 2 کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے، جن میں 143 لوگ گرفتار ہوئے۔ یہ لوگ ساؤتھ ایشین ممالک میں فراڈ کررہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں ایک کال سینٹر سے 11 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد میں جو کال سینٹر پکڑا گیا ہے یہ 4 فیزز میں کام کرتے تھے۔ پہلے فیز میں یہ ان سے معلومات لے لیتے تھے اور اس طرح اپنے شکار کی موبائل گیلری تک پہنچ جاتے تھے۔ پھر یہ ان لوگوں کو کچھ پیسے قرض کے طور پر دیتے تھے۔
شعیب خان نے بتایا کہ اس کے بعد ان لوگوں کا ڈیٹا دوسرے فلور پر بھیجا جاتا تھا۔ دوسرے فیز میں یہ لوگ اس بندے کا ڈیٹا لے کر اس کی اے آئی سے فحش ویڈیو یاتصویر بنائی جاتی ہے۔ پھر انہیں ان تصاویر یا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین سے گزارش ہے اپنے بچوں سے پوچھیں وہ کہاں نوکری کررہے ہیں۔ ہم نے 37ملزمان جو خواتین کو بلیک میل کرتے تھے، ان کو گرفتار کیا ہے۔ آن لائن جوا اور آن لائن گیمنگ بہت استعمال ہورہی ہے۔ گیمنگ اور آن لائن جوا والی ایپس کنٹرولڈ ہوتی ہیں۔ وہ جان بوجھ کر شروع میں آپ کو نفع دیتے ہیں۔ این سی سی آئی اے ان گیمنگ ایپلیکیشنز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرنے جارہی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ ہر کال سینٹر کے لوکل فیسلٹیٹرز کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ اس کام میں جو لوگ غیر ممالک میں موجود ہیں، ان کو بھی ان ممالک کی فورسز کے ذریعے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔
