گورنر خیبرپختونخوا کا سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان

پشاور(قدرت روزنامہ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام لیز فوری طور پر ختم کرنے اور کان کنی کا کام معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی کرنے والوں کے خلاف سخت مقدمات درج ہوں گے اور ٹھیکیدار ایک ہفتے کے اندر اپنی بھاری مشینری ہٹالیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گورنر کے پی نے انکشاف کیا کہ کوہاٹ کے دو بلاکس سے ہر ماہ 90 کلوگرام تک سونا نکالا جا رہا تھا جہاں ماہانہ 4.92 ارب روپے کی غیر قانونی مائننگ ہو رہی تھی، اور اس کا 80 فیصد پیسہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔
گورنر کے پی نے بتایا کہ اس غیر قانونی دھندے میں فتنہ الخوارج اور دہشت گرد بھی ملوث تھے جو مقامی افراد سے 8 لاکھ اور غیر مقامی افراد سے 40 لاکھ روپے تک بھتہ وصول کرتے تھے۔ اس مقصد کے لیے افغان طالبان سے وابستہ نعمت اللہ کی سربراہی میں فروری 2026 میں ایک کمیٹی بھی بنائی گئی تھی۔
گورنر نے غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث 12 سیاسی شخصیات کے ناموں کا بھی اعلان کیا جن میں پی ٹی آئی کے آفتاب عالم، شہریار آفریدی، خرم ذیشان، ساجد اقبال، احسان، امجد آفریدی، جے یو آئی کے سیٹھ گوہر سیف اللہ، نصیر آفریدی، ایڈووکیٹ حماد عالم، سہیل آفریدی کے بھائی نوید، اظہر بخاری اور نذیر آفریدی شامل ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں پر فتنہ الخوارج نے حملے کیے جن میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی حیدرزمان کے نام پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے جس میں تمام متعلقہ ادارے اور اضلاع کے افسران شامل ہوں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے میں اب “سزا و جزا کا نظام” نافذ ہوگا اور مائننگ کے شعبے میں شفافیت لانے کے لیے اگلے ہفتے ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے گا۔
گورنر نے مزید کہا کہ اگلے 2 سے 3 ہفتوں کے اندر سونے کی کان کنی کے مستقل حل کے لیے ایک جامع لائحہ عمل اور مکمل سسٹم لایا جائے گا، جبکہ معدنی وسائل کی غیر قانونی ترسیل اور لوٹ مار میں ملوث عناصر کے ساتھ اب کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
