خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نیب انکوائریاں تیز، متعدد افراد طلب

پشاور(قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے متعلق نیب کی تحقیقات میں تیزی آگئی ہے اور 2 اہم انکوائریوں کے سلسلے میں متعدد افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے اہلخانہ کی کاروباری شراکت داریوں سے متعلق ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، جبکہ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کے خلاف جاری انکوائری میں بھی نو افراد کو نوٹسز بھیجے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے اسلام آباد میں ایک جائیداد کی خریداری کے معاملے پر 5 افراد کو بطور گواہ طلب کیا ہے۔ اس جائیداد کی خریداری کے لیے کی جانے والی 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ نیب نے ان پانچوں افراد کو 19 نومبر کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد علی کے معاملے میں دوسرا کال اَپ نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق ایک گواہ کو 17 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ 4 نجی کمپنیوں کا بینک ریکارڈ بھی حاصل کرنے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert