خیبرپختونخوا حکومت کا ڈرائیونگ لائسنس ہولڈرز کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے لائسنس پر ڈی میرٹ پوائنٹس درج کیے جائیں گے، جبکہ مقررہ حد تک پوائنٹس جمع ہونے پر ان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل یا منسوخ کیے جاسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ نے اس حوالے سے مسودہ تجویز تیار کرلیا ہے، جس کے تحت دو سال کے دوران 10 ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرنے والے ڈرائیور کو وارننگ جاری کی جائے گی، جبکہ 20 پوائنٹس مکمل ہونے پر اس کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا جاسکے گا۔

مجوزہ نظام کے تحت ٹریفک حادثے میں کسی شخص کی موت کا سبب بننے والے ڈرائیور کے 15 ڈی میرٹ پوائنٹس کاٹے جائیں گے، جبکہ حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی صورت میں 10 پوائنٹس کی کٹوتی ہوگی۔
اسی طرح نشہ آور اشیا کے زیر اثر گاڑی چلانے پر 8 ڈی میرٹ پوائنٹس، ٹریفک سگنل کی سرخ بتی کی خلاف ورزی پر 6 پوائنٹس کاٹے جائیں گے۔
مسودے میں تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ، غیر قانونی یوٹرن لینے اور ون وے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی 2 سے 6 ڈی میرٹ پوائنٹس کی کٹوتی تجویز کی گئی ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا تمام ریکارڈ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (کے پی آئی ٹی بی) کے زیر انتظام ڈرائیونگ لائسنس سافٹ ویئر میں محفوظ کیا جائے گا۔
اس نظام کے ذریعے ٹریفک پولیس ڈرائیورز کی خلاف ورزیوں کا مکمل ریکارڈ مانیٹر کرسکے گی اور جمع ہونے والے ڈی میرٹ پوائنٹس کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق مجوزہ ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم کا مقصد ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا، خلاف ورزیوں کی حوصلہ شکنی کرنا اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔
