سعودی عرب کا پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری سے متعلق اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سعودی عرب کی ڈیلٹا انرجی نے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب کی توانائی کمپنی ڈیلٹا انرجی سعودی نے پاکستان کی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ساتھ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت تقریباً 30 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیا جائے گا۔

کمپنیوں کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اس پروگرام کے تحت قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن کا جائزہ لیا جائے گا، جو پاکستان کی مغربی سرحد سے ملک میں داخل ہو کر جنوب مغرب میں بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع بندرگاہ گوادر تک جائے گی۔

اس منصوبے میں پائپ لائن کو مشرقی سرحد تک ممکنہ طور پر توسیع دینے کے ساتھ مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سہولیات، گیس کی پروسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کے نظام اور برآمدی ٹرمینلز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

25 سے 30 ارب امریکی ڈالر کی تخمینہ شدہ سرمایہ کاری کے اس مجوزہ منصوبے کے تحت ترکمانستان سے افغانستان کے راستے آنے والی گیس پائپ لائن چمن کے قریب پاکستان میں داخل ہوگی اور بلوچستان سے گزرتی ہوئی گوادر تک پہنچے گی، جہاں ایل این جی ٹرمینل تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ بعد کے مرحلے میں اس پائپ لائن کو دیگر مقامات تک توسیع دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گیس لانے کے لیے ماضی میں پائپ لائن منصوبوں میں تاخیر ہوتی رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ پروگرام ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے (تاپی) سے الگ ہے اور اس کا انحصار ترکمانستان پر نہیں ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert