پیپلز پارٹی جب پنجاب کی تقسیم کی حامی ہے تو سندھ میں صوبے بننے کی مخالف کیوں؟ ملک احمد خان کے بلاول بھٹو سے سوالات

لاہور(قدرت روزنامہ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بلاول بھٹو زرداری کے صوبوں کی تقسیم سے متعلق مؤقف پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کی، لیکن سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سیاسی طور پر باشعور اور جمہوری اداروں پر یقین رکھنے والے رہنما ہیں، اس لیے انہیں اپنے مؤقف میں پائے جانے والے اس فرق کی وضاحت کرنی چاہیے۔ ملک احمد خان نے 27ویں آئینی ترمیم، چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے اور پاک بھارت جنگ کے دوران بلاول بھٹو کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی بعض تجاویز کو سراہا، تاہم صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر ان سے اختلاف کیا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مئی 2012 میں پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کے دور میں قومی اسمبلی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حق میں اکثریتی قرارداد منظور کی تھی، جب کہ مسلم لیگ ن نے اسے پنجاب کی تقسیم قرار دیتے ہوئے مخالفت کی اور ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔ پنجاب اسمبلی نے بھی جنوبی پنجاب کے حوالے سے 2 قراردادیں منظور کی تھیں جن کی پیپلز پارٹی نے حمایت کی تھی۔ ان کے مطابق ان قراردادوں اور پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ موجود ہے اور وہ اس کی نقول فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اپنی مدت پوری کرچکی اسمبلیوں کی منظور کردہ قراردادوں کی موجودہ آئینی اور قانونی حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سندھ کی تقسیم کے حوالے سے ریفرنڈم کی بات کی ہے، لیکن ساتھ ہی سندھ کی تقسیم کی مخالفت بھی کی جاتی ہے۔ اگر پنجاب کی تقسیم کی حمایت کی جا سکتی ہے تو سندھ کے معاملے میں مختلف مؤقف کیوں اختیار کیا جاتا ہے؟ سندھ کی تقسیم کی صورت میں خون خرابے کے خدشات ظاہر کیے جاتے ہیں تو کیا یہ مؤقف سندھی قومیت یا علاقائی شناخت کے تصور سے جڑا ہوا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے مستقبل اور قومی وحدت سے متعلق ایسے سوالات پر سنجیدہ بحث ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کا احترام کرتے ہیں، تاہم سیاسی مؤقف پر سوال اٹھانا بھی جمہوری عمل کا حصہ ہے۔

ملک احمد خان نے پاکستان میں صوبوں کی تشکیل کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی راج کے آخری دور میں سیاسی حقوق اور اختیارات کی منتقلی کا عمل صوبوں کی بنیاد پر آگے بڑھا۔ قیام پاکستان کے وقت مختلف علاقوں میں الگ سیاسی جماعتیں اور صوبائی ڈھانچے موجود تھے، جب کہ 1935 کا گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ بھی بعد کے آئینی انتظامات پر اثرانداز ہوا۔ ان کے مطابق قیام پاکستان کے بعد سیاسی حقوق کی جدوجہد جاری رہی، لیکن فوجی ادوار اور ہائبرڈ نظام نے جمہوری اور صوبائی خودمختاری کے عمل کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ون یونٹ کا قیام بھی ملکی سیاسی تاریخ کا اہم مرحلہ تھا، جسے بعد میں ختم کرنا پڑا۔ 1973 کے آئین کے تحت 4 صوبوں پر مشتمل وفاقی ڈھانچہ دوبارہ قائم ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھی ابتدا ہی سے اپنی موجودہ جغرافیائی حدود میں موجود نہیں تھا بلکہ ریاست قلات اور دیگر علاقوں کو یکجا کرکے صوبہ بنایا گیا، جب کہ گوادر بھی بعد میں پاکستان کا حصہ بنا۔ ان کے مطابق آئین سازوں نے ملک کو 4 صوبوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا، جب کہ صوبہ سرحد کا نام بعد میں آئینی ترمیم کے ذریعے خیبر پختونخوا رکھا گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملک میں جمہوری نظام کے ارتقا پر بات کرتے ہوئے فوجی حکومتوں، ہائبرڈ انتظامات اور عدالتی فیصلوں کو بھی سیاسی حقوق کی جدوجہد میں رکاوٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا عدالتی فیصلہ اور نظریۂ ضرورت کے تحت منتخب حکومتوں کے خاتمے کو جواز فراہم کرنے والے فیصلے ملکی تاریخ کے اہم اور متنازع مراحل ہیں۔ ان کے بقول بنیادی ڈھانچے کے نظریے سے متعلق عدالتی فیصلے نے بھی پارلیمنٹ اور عدلیہ کے اختیارات کے تعلق پر سوالات پیدا کیے۔

یہ بھی پڑھیں:ماضی کے فیصلوں کا جواب قوم کو دلیل سے دینا ہوگا، ملک احمد خان

ملک احمد خان نے 27ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کے نظریے سے متعلق عدالتی مؤقف میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کو اہمیت دیتے ہیں اور اس وقت ایوان میں موجود تھے۔ ان کے مطابق میثاقِ جمہوریت بھی اس آئینی و سیاسی جدوجہد کا اہم حصہ تھا، جس پر بے نظیر بھٹو شہید اور میاں نواز شریف سمیت دونوں جماعتوں کی قیادت نے دستخط کیے تھے۔

ملک احمد خان نے مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے، پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی اور حملوں کے بعد پاکستان نے سفارتی محاذ پر مؤثر کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق اس سفارتی کوشش میں بلاول بھٹو بھی شریک تھے اور انہوں نے مختلف عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ مئی کی جنگ کے دوران پاکستان نے بھارتی جنگی طیارے گرائے اور ایس 400 فضائی دفاعی نظام کو جام کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات نے واضح کیا کہ جدید جنگ کے تقاضے تبدیل ہوچکے ہیں اور دفاعی کمان کے مربوط نظام کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی اس ضرورت کی نشاندہی کی تھی، اس لیے ان کی اس تجویز کو سراہا جانا چاہیے۔

انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی شخصیت اور سیاسی بصیرت کو اہمیت دیتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اپنی سیاسی جماعت اور جمہوری نظام کی بہتری کے لیے ماضی کی غلطیوں کی اصلاح پر بھی توجہ دیں۔ ان کے بقول جمہوریت کا تقاضا ہے کہ اگر کسی مؤقف یا فیصلے میں غلطی ہو تو اسے درست کیا جائے، تاہم سیاسی بحث خواہشات کے بجائے تاریخی حقائق اور واقعات کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

9 مئی کے واقعات سیاسی احتجاج نہیں، منظم حملے اور جاسوسی کا عمل تھے
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے گھر کو جلانا اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنا سیاسی حق نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل یہ سوال اٹھاتے رہے ہیں کہ کسی کے گھر کو نذر آتش کرنے کے الزام میں گرفتار شخص کو سیاسی قیدی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایک ہی روز 29 چھاؤنیوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے منظم منصوبے کو وہ معمول کا سیاسی احتجاج نہیں بلکہ جاسوسی اور ریاستی سلامتی کے خلاف کارروائی تصور کرتے ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ کور کمانڈرز کے گھروں اور فوجی تنصیبات کو جلانے جیسے واقعات کی اجازت کسی بھی ملک میں نہیں دی جا سکتی۔ اگر ایسے اقدامات کو سیاسی حق تسلیم کرلیا جائے تو ریاستی نظام برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق اس معاملے پر بلاول بھٹو، تحریک انصاف کے رہنماؤں، عدلیہ اور ذرائع ابلاغ سمیت ہر متعلقہ فریق کو سوالات کا سامنا کرنا چاہیے۔

انتہا پسندی اور مدارس کے طلبہ سے متعلق سوالات بھی ضروری ہیں
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بعض علاقوں میں اچانک تبدیل ہونے والے سماجی رویوں، طرزِ زندگی اور انتہا پسندی کے رجحانات پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔ ان کے بقول یہ جاننا ضروری ہے کہ شدت پسندی کے عمل میں کن مدارس کے طلبہ شامل تھے، کن لوگوں نے انہیں اس جانب راغب کیا اور اس رجحان کو فروغ دینے میں کس کا کردار تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے سوالات اٹھانا شہریوں کا حق ہے اور جمہوریت میں کسی بھی معاملے پر جواب طلب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے کے باوجود کسی سے ثبوت اور وضاحت طلب کرنا غیر جمہوری عمل نہیں۔

نئے صوبوں کا قیام آئینی بحث ہے، مؤقف کی وضاحت ضروری ہے
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ اس وقت نئے صوبوں کے قیام کے کسی مخصوص مطالبے کے حامی نہیں، تاہم بلاول بھٹو کا مؤقف اپنی جگہ ایک سیاسی تجویز ہے جس سے اتفاق یا اختلاف کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے صوبوں کے قیام یا تقسیم کے معاملے کو غیر آئینی قرار دینے کے بجائے یہ سوال اٹھایا تھا کہ آئین میں موجود متعلقہ شقوں کی روشنی میں اس کی تشریح کیا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق 6 سمیت متعلقہ آئینی دفعات کی مختلف تشریحات ممکن ہیں۔ انہوں نے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سینیئر اور باخبر پارلیمنٹیرین ہیں اور اس معاملے پر آئینی تشریح پیش کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کے پاس بھی آئینی ماہرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے اسے اپنے مؤقف کی آئینی بنیاد واضح کرنی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert