علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف متفرق درخواست جلد سماعت کے لیے منظور

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر جلد سماعت کی متفرق درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان نے نظر بندی کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں پنجاب حکومت، محکمہ داخلہ، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا، تاہم عظمیٰ خان اور نورین نیازی رہا ہوچکی ہیں۔
درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے غیر قانونی طور پر نظر بندی کے احکامات جاری کیے اور تھری ایم پی او کے طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔ علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس مقدمہ نمبر 96/23 میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بے گناہ قرار دے چکی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے غیر قانونی نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دیے جائیں۔
