پاکستان کی ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ جارحانہ اقدام مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں، ایسے قابل مذمت حملوں کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کے اپنی خودمختاری و سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کے جائز حق کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
