مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا
سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والے ضیاء الرحمان کا نام آئی بی ایم ایس میں ہونے پر انہیں انٹرنیشنل ارائیول پر بٹھالیا گیا، امیگریشن حکام نے وزارتِ داخلہ کو آگاہ کردیا، اسلام آباد سے جواب کا انتظار

کراچی(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے بھائی ضیاء الرحمان کو سعودی عرب سے کراچی پہنچنے پر ایئرپورٹ پر روک لیا گیا، ضیاء الرحمان کا نام انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) میں ہونے کے باعث انہیں امیگریشن حکام نے کلیئرنس نہیں دی اور انٹرنیشنل ارائیول پر روک لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ضیاء الرحمان رات گئے سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے، ایئرپورٹ پر امیگریشن چیکنگ کے دوران ان کا نام آئی بی ایم ایس سسٹم می ہونے کی وجہ سے انہیں روک لیا گیا، حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے مزید باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم سسٹم میں نام ہونے کے بعد انہیں ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں انٹرنیشنل ارائیول پر بٹھایا گیا۔
مولانا فضل الرحمان کے چھوٹےبھائی ضیاالرحمان کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا، ذرائع
#ARYNews https://t.co/MdQiK6jlAN
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) November 21, 2026
بتایا گیا ہے کہ ضیاء الرحمان کے ہمراہ جے یو آئی ف سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو بھی کراچی پہنچے تھے، ضیاء الرحمان کو روکے جانے کے بعد راشد محمود سومرو استقبال کے لیے آنے والے درجنوں کارکنان کے ہمراہ انٹرنیشنل ارائیول کے باہر موجود ہیں، کارکنان اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اور امیگریشن کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ امیگریشن حکام نے ضیاء الرحمان کے حوالے سے پیش آنے والی صورتحال سے وزارتِ داخلہ کو بذریعہ ای میل آگاہ کر دیا ہے، امیگریشن حکام اس وقت اسلام آباد سے موصول ہونے والے ہدایات اور جواب کے منتظر ہیں، جس کی روشنی میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اسی وجہ سے ضیاء الرحمان کو فی الحال انٹرنیشنل ارائیول پر ہی روکا گیا ہے اور باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
