موسمیاتی تبدیلی پر عالمی مذاکرات ناکام، کوپ 31 میں بڑا معاہدہ نہ ہوسکا

انطالیہ(قدرت روزنامہ) اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں فوسل فیولز کے استعمال اور مالی معاونت کے معاملے پر اختلافات کے باعث ممالک کسی بڑے معاہدے پر متفق نہ ہوسکے جس سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ترکیہ میں ہونے والے مذاکرات جمعے کو ختم ہونا تھے تاہم اتفاق رائے کی کوششوں کے باعث اتوار تک جاری رہے اور اقوام متحدہ کی تاریخ کی طویل ترین موسمیاتی کانفرنس بن گئے۔
کانفرنس کا حتمی مسودہ یورپی یونین، بحرالکاہل کے جزیرہ ممالک اور دیگر فریقوں کو قابل قبول نہ ہوا، کیونکہ اس میں عالمی حدت کی بنیادی وجہ بننے والے فوسل فیولز کا براہ راست ذکر شامل نہیں تھا۔
دوسری جانب ترقی پذیر ممالک نے بھی اس بات پر اعتراض کیا کہ امیر ممالک کی جانب سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کوئی واضح مالی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 2009 میں کوپن ہیگن میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس کے مرکزی سیاسی معاہدے کو بھی اسی نوعیت کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کانفرنس کے نتائج پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوسل فیولز کے طاقتور مفادات رکھنے والے عناصر سائنسی حقائق کو مسخ کرنے، پالیسی اقدامات میں تاخیر اور موسمیاتی کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے میں مصروف ہیں، جبکہ اس کا خمیازہ دنیا بھر کے عوام بھگت رہے ہیں۔
