انتخابی اصلاحات کیلئے برابری کی نمائندگی دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں برابری کی نمائندگی دی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہمارے بڑے تحفظات ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔ سپریم کورٹ کا آرڈر بھی ہے کہ علاج معالجہ ہو، شفا ہسپتال میں ہو اور میڈیکل بورڈ بنے۔

انہوں نے کہا کہ فیملی سے ملاقات اور ذاتی معالج سے متعلق بھی حکم ہے، اگر یہ پراسس فالو کیا جاتا ہے تو ہی ہماری تسلی ہو گی۔ ایک سابق وزیراعظم، ایک بڑے لیڈر اور ایک قیدی کی حیثیت سے بھی یہ اس کا حق ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہے، باقی وکلا جیل ملاقات کے لیے جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے، سلمان اکرم راجہ پہلے کی عدالت کو بتا چکے ہیں، آئندہ سماعت پر عدالت کو دوبارہ بتا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہییں، لیکن یہ الگ معاملہ ہے۔ بانی کی فیملی، بہنوں اور وکلاء سے بھی ملاقاتیں ہونی چاہئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ القادر کیس میں 25 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں گے، ہمیں انصاف ملنا چاہیے اور انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert