’اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت قرض لینے والے سے کسی نے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، یہی شفافیت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت بینکوں کو قرضوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، میرٹ پر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص کو بھی قرض ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے۔
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنے کا سنگ میل عبور ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہماری حکومت اور سب کے لیے خوشی کا دن ہے، یہ ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔ جن لوگوں کو گھر ملا ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی منظوری لائٹنگ اسپیڈ سے کریں، اس عمل میں کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کسی نے قرضے لینے والوں سے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں جو رکاوٹیں ہیں انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے۔ میرٹ پر کسی مخالف سیاسی جماعت کے شخص کو بھی قرض ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ وسائل قوم کے ہیں اور حق داروں کے ہیں، ملک میں سب کو برابر حقوق ملنے چاہییں۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے عمل میں نہ کرپشن ہوئی اور نہ اقربا پروری، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، کیوں کہ شبانہ روز محنت کرنے والے اپنے گھر کو ترستے ہیں۔
انہوں نے اپنے انتخابی حلقے میں ایک گھر کا دورہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر ایک کمرے پر مشتمل تھا۔ ’میں نے اس گھر میں خاتون سے پوچھا کہ آپ کیا کام کرتی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ کپڑے سینے کا کام کرتی ہیں اور مشکل سے گزارہ ہوتا ہے۔‘
شہباز شریف کے مطابق خاتون نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیماری میں مبتلا ہے اور داماد نے اسے واپس بھیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت بڑی تعداد میں لوگ چھت، تعلیم اور روزگار سے محروم ہیں۔ یہ وہ پاکستان نہیں تھا جس کے لیے قائداعظم نے تحریک چلائی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ صوبے بھی گھروں کے لیے قرض دے رہے ہیں جو اچھی بات ہے۔ 75 ہزار گھروں کا تصور آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
انہوں نے اپنا گھر منصوبے کے لیے وزیر ہاؤسنگ ریاض پیرزادہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب معروف بینکر بھی ہیں اور کابینہ میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے بینکرز کی میٹنگ میں کہا تھا کہ اگر وزیراعظم بھی غلط سفارش کرے تو اسے منع کردیا جائے۔
