اگر28 ویں آئینی ترمیم نئے صوبوں سے متعلق ہے تو یہ نہایت حساس آئینی اور سیاسی معاملہ ہوگا، بیرسٹر گوہر خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت آئینی ترمیمی بل پیش کرتی ہے تو عمران خان سے ہدایات لیں گے اور مجوزہ ترمیم کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی آج پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اٹھائیسویں آئینی ترمیم نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ہے تو یہ نہایت اہم اور حساس معاملہ ہوگا۔
نئے صوبوں کا قیام ایک سنجیدہ آئینی اور سیاسی معاملہ ہے، جس پر انتہائی غور و خوض کی ضرورت ہے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ اس مرحلے پر کسی مجوزہ ترمیم کے بارے میں حتمی موقف دینا قبل از وقت ہوگا۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار موجود ہے۔
اگر حکومت اس حوالے سے کوئی آئینی ترمیمی بل پیش کرتی ہے تو پارٹی کی سیاسی کور کمیٹی اور قانونی کمیٹی اس کا جائزہ لے کر مشاورت کریں گی۔
اس کے بعد اپنے سیاسی اتحاد اور پھر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔ تمام مشاورت کے بعد عمران خان سے ہدایات لے کر پارٹی اپنا حتمی موقف دے گی کہ مجوزہ ترمیم کی حمایت کرنی ہے یا مخالفت۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا اور اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اپنا مقف دے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر سیاسی اور قانونی کمیٹیاں مشاورت کریں گی، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اتحاد سے بھی بات چیت کی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ذاتی سیاسی مفادات کے لیے عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہیے، محسن نقوی سے نئے صوبوں کے معاملے پر تحریک انصاف کی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی میں سیاسی رہنماں سے محسن نقوی کی ملاقاتوں کے مقاصد سے آگاہ ہوں۔
تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پوری جماعت کو بانی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ سیاست نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے اور بانء پی ٹی آئی کا علاج قائم کردہ میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں کروایا جائے۔
