مخالفت کے باوجود پیپلزپارٹی سے ریفرنڈم اور نئے صوبوں کی تجویز کی حمایت کی امید

پیپلز پارٹی بلآخر ریفرنڈم کے تصور سے اتفاق کرلے گی اور اس کے بعد صوبوں کی تعداد میں مجوزہ اضافے پر بھی رضامند ہوجائے گی؛ سینئر سرکاری عہدیدار کے حوالے سے انصار عباسی کی خبر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ ریفرنڈم کی عوامی سطح پر مخالفت کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی بالآخر اس عمل میں حصہ لینے پر آمادہ ہو سکتی ہے، سرکاری حلقوں کی بااثر شخصیات اس حوالے سے پُراعتماد ہیں کہ پارٹی ریفرنڈم اور انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل کی وسیع تر تجویز کی حمایت کر سکتی ہے۔
انصار عباسی کی خبر کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے عندیہ دیا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ مخالفت، جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اختیار کیا گیا مؤقف بھی شامل ہے، لازمی نہیں کہ اس معاملے پر طویل سیاسی کشمکش یا محاذ آرائی میں ڈھل جائے، سرکاری سطح پر یہ توقع پائی جاتی ہے کہ پیپلز پارٹی بالآخر ریفرنڈم کے تصور سے اتفاق کرلے گی اور اس کے بعد صوبوں کی تعداد میں مجوزہ اضافے پر بھی رضامندی ظاہر کرسکتی ہے۔
حکام کا اندازہ جزوی طور پر اس توقع پر مبنی ہے کہ ریفرنڈم کے نتیجے میں مزید صوبوں کے قیام کے حق میں عوامی مینڈیٹ سامنے آ سکتا ہے، اگرچہ سیاسی جماعتوں کو اس تجویز پر تحفظات ہو سکتے ہیں، خصوصاً اس کے ممکنہ سیاسی اور انتخابی اثرات کے پیش نظر، تاہم سرکاری حلقوں میں یہ خیال موجود ہے کہ عام ووٹرز اس تجویز کو زیادہ پذیرائی دے سکتے ہیں، سیاسی جماعتوں کے مؤقف اور عوامی رائے کے درمیان ممکنہ فرق کو ابھرتی ہوئی بحث میں ایک بنیادی عنصر قرار دیا جا رہا ہے۔
انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے طرزِ حکمرانی بہتر ہو سکتی ہے، حکومت شہریوں کے قریب آ سکتی ہے، خدمات کی فراہمی میں سہولت پیدا ہو سکتی ہے اور دیرینہ علاقائی شکایات کا ازالہ کیا جا سکتا ہے، تاہم، پیپلز پارٹی کے لیے یہ معاملہ خصوصی لحاظ سے حساس ہے کیونکہ سندھ کی سیاسی اور آئینی اہمیت پارٹی کے لیے غیر معمولی حیثیت رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی اس تجویز کی واضح مخالفت کر چکے ہیں، جو موجودہ صوبوں کی تقسیم کے سیاسی اثرات سے متعلق خدشات کی عکاسی کرتی ہے، حکام کے جائزے کے تحت اگر ریفرنڈم کے نتیجے میں اس خیال کی واضح عوامی تائید سامنے آتی ہے تو پارٹی کے لیے اپنی مخالفت برقرار رکھنا بالآخر مشکل ہو سکتا ہے، مجوزہ انتظامی ازسرِ نو تشکیل، جس کا ذکر ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق مباحث میں بھی سامنے آ چکا ہے، ملک بھر میں 12 یا اس سے زیادہ صوبوں کے قیام کا تصور پیش کرتی ہے۔
خبر میں بتایا گیا ہے کہ اس تجویز کو اہم سیاسی، آئینی اور مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں صوبائی حدود سے متعلق سوالات، آئینی ترامیم اور قومی مالیاتی کمیشن یعنی این ایف سی ایوارڈ کے تحت مالی وسائل کی تقسیم شامل ہیں، فی الحال پیپلز پارٹی کی عوامی سطح پر مخالفت ایک اہم سیاسی رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے، سینئر عہدیدار کی جانب سے ظاہر کی گئی توقع ایک ممکنہ سیاسی صف بندی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
سرکاری ذرائع سے یہ بتایا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی بالآخر ریفرنڈم پر رضامند ہو سکتی ہے اور اس کے نتائج کی روشنی میں وسیع تر اقدام کی حمایت بھی کر سکتی ہے، اسی سلسلے میں مختلف سیاسی بیانات اور پیشرفت بھی سامنے آ رہی ہیں، جن میں نئے صوبوں کے لیے صوبائی حکومتوں کی قرارداد کو لازم قرار دینے، دھمکیوں سے متعلق بیانات اور نئے سال کے شروع میں معاملہ حل ہونے کی باتیں شامل ہیں۔

WhatsApp
Get Alert