بلوچستان کی پسماندگی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے: مولانا ہدایت الرحمٰن
معاشرے کتاب اور قلم سے ترقی کرتے ہیں، الخدمت اور آفاق بلاامتیاز تعلیمی و سماجی خدمات انجام دے رہے ہیں: برین بیٹل ٹیسٹ تقریب سے خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کی تعلیمی خدمات کے ذریعے صوبے میں ناخواندگی اور بے روزگاری میں کمی لانے اور ہنرمند افراد تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفاق کوئٹہ کے زیر اہتمام برین بیٹل ٹیسٹ کے نتائج اور تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت، آفاق اور جماعت اسلامی کی دیگر تنظیمیں و افراد بلاامتیاز رنگ، نسل اور زبان تعلیمی و سماجی شعبوں میں قابلِ تقلید خدمات انجام دے رہے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا کہنا تھا کہ معاشرے کتاب اور قلم کے ذریعے ترقی کرتے ہیں۔ دلوں کو فتح کرنے اور بہتر معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کتاب و قلم کو عام اور ہر بچے تک تعلیم کی رسائی یقینی بنانا ہوگی۔ نئی نسل کی علمی و فکری تربیت اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں نہایت اہم ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم اسکولز بلوچستان لعل جان جعفر نے آفاق کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ادارہ باصلاحیت طلبہ کی تلاش، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں آفاق کی مسلسل سرگرمیوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ریجنل ہیڈ آفاق بلوچستان عبدالنعیم رند نے کہا کہ آفاق محض ایک اشاعتی ادارہ نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے، جو طلبہ، والدین، اساتذہ اور سربراہانِ ادارہ کی تربیت و رہنمائی کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ہار جیت اور پوزیشن کی فکر سے بالاتر ہوکر سیکھنے کا سفر جاری رکھیں، والدین اور اساتذہ کا احترام کریں اور محنت و لگن کو اپنا شعار بنائیں۔ہیڈ آفاق لیڈرز کلب طیب فرید خان نے کہا کہ تعلیمی مقابلوں کا مقصد بچوں میں خود اعتمادی، علمی جستجو، مثبت مسابقت اور اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے کا شعور پیدا کرنا ہے۔ کامیابی صرف پوزیشن حاصل کرنے تک محدود نہیں بلکہ ہر بچے کی شرکت، کوشش اور سیکھنے کا جذبہ بھی قابلِ تحسین ہے۔تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
