’پنجاب پولیس کی ناک کے نیچے‘ 5 سال میں ایک لاکھ سے زائد خواتین لاپتا، ہائی کورٹ برہم

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں خواتین کے لاپتا ہونے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے کیسز کی تفتیش کے لیے مخصوص ٹیمیں تشکیل دینے اور لاہور پولیس کی انویسٹی گیشن ٹیم تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ ’آپ کی ناک کے نیچے سے اتنی خواتین لاپتا ہو گئیں، حیرت ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بازیابی کے کیسز میں خواتین پولیس افسران کو تعینات کیا جائے اور ان کی تفتیش کے لیے الگ مخصوص ٹیمیں بنائی جائیں۔
انہوں نے یہ احکامات سلمیٰ بی بی کی جانب سے اپنی بیٹی مقدس کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیے۔ عدالتی حکم پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب راؤ عبد الکریم بھی عدالت میں پیش ہوئے اور خواتین کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کرائی۔
آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ 2021 سے 2025 کے دوران خواتین کے لاپتا ہونے کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 387 کیسز تاحال حل نہیں ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ 2026 میں خواتین کے لاپتا ہونے کے 21 ہزار 956 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 781 کیسز ابھی حل ہونا باقی ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ خواتین کے لاپتا ہونے کے سب سے زیادہ واقعات کہاں رپورٹ ہوئے جس پر آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ایسے کیسز کی اکثریت لاہور میں رپورٹ ہوئی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایک ہزار 87 خواتین کو اب تک کیوں بازیاب نہیں کرایا جاسکا اور اس کی کیا وجہ ہے؟ انہوں نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ کیا پولیس کی کارکردگی یہی رہ گئی ہے اور ان کی کمان میں پولیس کا یہ حال ہے؟
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب کوئی بچی گھر سے لاپتا ہوتی ہے تو اس کے اہل خانہ پر کیا گزرتی ہوگی۔ ان کے مطابق بظاہر پولیس افسران کے گھروں میں ایسے مسائل پیش نہیں آتے اس لیے انہیں بچیوں کی بازیابی کی اہمیت کا احساس نہیں۔
عدالت نے آئی جی سے یہ بھی پوچھا کہ بازیاب ہونے والی خواتین کو کس کے حوالے کیا گیا؟
لاپتا خواتین کے غیر حل شدہ کیسز کی بڑی تعداد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس عالیہ نیلم نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کا انویسٹی گیشن ونگ تسلی بخش کام نہیں کر رہا اور اسے تبدیل ہونا چاہیے۔
انہوں ںے کہا کہ خواتین کی بازیابی کے لیے لاہور پولیس کی موجودہ ٹیم کام کرنے کے قابل نہیں، اسے تبدیل کرکے اچھے افسران تعینات کیے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی استفسار کیا کہ کیوں نہ حکومت کو خواتین کی بازیابی کے لیے الگ ونگ بنانے کا کہا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی پنجاب اپنے ماتحت افسران کو طریقہ کار تبدیل کرنے کی ہدایت کریں۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ حکومت سے ہدایات لے کر آئندہ سماعت پر پیش ہوں اور اس معاملے میں پیش رفت رپورٹ جمع کرائیں۔
کیس کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو گی۔
