اس وقت ملک میں خوف ڈر کا ماحول پیدا کرکے زبردستی نظام کو چلایا جا رہا ہے ملک اس طرح نہیں چلتے، اسد قیصر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی مرکزی سینئر رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 9 مئی کا ایک جھوٹا بیانیہ بنا کر ہمیں دہشت گرد قرار دیا گیا اور انتقامی کارروائیاں کی گئیں، پارٹی کا انتخابی نشان چھین لیا گیا، فارم 45 کے مطابق ہم نے 183 نشستیں جیتیں لیکن دھاندلی کے بعد 92 نشستیں ملی، حکومت کی عددی برتری کیلئے مزید ارکان کو نااہل کردیا گیا، یہ ایک کھلا مذاق ہے۔
پی ٹی آئی مرکزی سینئر رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے 26ویں اور 27ویں ترامیم کے حوالے سے منعقدہ تقريب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کانفرنس میں شرکت کے لیے آ رہے تھے، انہیں نظر بند کرنا اور کانفرنس میں آنے سے روکنا بنیادی جمہوری حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
آئین ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے اور نقل و حرکت کی آزادی کا حق دیتا ہے۔
ہم اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اگر ان کا یہ خیال ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے یہ تحریک رک جائے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔
اس وقت ملک میں جس طرح خوف اور ڈر کا ماحول پیدا کیا گیا ہے اور جس طرح زبردستی نظام کو چلایا جا رہا ہے، ملک اس طرح نہیں چلتے۔
ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا وہ آپ سب کے سامنے ہے، 9 مئی کا ایک جھوٹا بیانیہ گھڑ کر، ہمیں دہشت گرد قرار دے کر ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں۔
صرف پنجاب میں پانچ ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
عمران خان کے خلاف تقریباً 300 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے، حالانکہ ایک مقدمہ بھی ایسا نہیں ہے کہ اگر میرٹ پر فیصلہ ہو تو عمران خان ایک دن بھی جیل میں رہیں۔ کوٹ لکھپت جیل میں ہمارے اسیران اور عمران خان کا پورا خاندان اس وقت زیرِ عتاب ہے۔ پوری پارٹی کا بنیادی حق اور انتخابی نشان چھین لیا گیا۔
اس سب کے باوجود، فارم 45 کے مطابق ہم نے 182 سے 183 نشستیں جیتیں، اور دھاندلی کے باوجود ہماری تقریباً 92 نشستیں اسمبلی میں آئیں۔ لیکن جب انہیں اپنی حکومت کے لیے مزید عددی برتری درکار ہوئی تو ہمارے اراکین کو نااہل کر دیا گیا اور 92 سے ہمارے اراکین کی تعداد 72 رہ گئی۔ یہ ایک کھلا مذاق ہے نہ کسی قانون کا لحاظ ہے، نہ آئین کی پاسداری ہے اور نہ ہی کوئی اخلاقیات باقی رہی ہیں۔
مزید برآں لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے منعقدہ تقریب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ و قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی، سیکریٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر کامران مرتضیٰ، بیرسٹر علی ظفر، سینئر اینکر پرسن حامد میر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، وکلا برادری اور سیاسی جماعتوں کی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert