پرامن احتجاج اور مسلح کارروائی دو الگ معاملات ہیں، ، ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

آج بلوچستان کے غریب محنت کش کا بچہ بھی ایچی سن اور لارنس کالج میں پڑھ رہا ہے: نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے تفصیلی خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بلوچستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا اور پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا، کیونکہ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور ملکی سالمیت و قومی یکجہتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی چاہے مذہب کے نام پر ہو یا قوم پرستی کے نام پر، کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے یا دہشت گردی کی وکالت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے مرد یا عورت ہونے کی کوئی رعایت نہیں ہوگی اور قانون کا اطلاق بلاامتیاز کیا جائے گا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن یہی آئین ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس بھی دیتا ہے، جبکہ پرامن احتجاج اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائی دو مختلف معاملات ہیں جنہیں ایک تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کو دہشت گردی، تشدد یا علیحدگی پسندی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا، بلکہ بلوچستان کو اس کی تاریخ، سماجی حالات اور زمینی حقائق کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، جہاں حقائق کو مسخ کر کے احساسِ محرومی کا بیانیہ تشکیل دینے اور تشدد کا جواز تلاش کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی میں جھلستے اور سردی میں ٹھٹھرتے عام بلوچستانی کا معیارِ زندگی بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے گورننس میں بہتری، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ آج بلوچستان کے غریب محنت کش کا بچہ بھی ایچی سن اور لارنس کالج سمیت پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہے اور حکومت صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم انداز میں سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کر رہے ہیں اور انہیں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بنانے و ریاست کے خلاف اکسانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم بلوچستان کے نوجوان پروپیگنڈے اور حقائق میں فرق سمجھیں اور منفی ذہن سازی کرنے والے عناصر کے عزائم پہچانیں کیونکہ نوجوانوں کا مستقبل تعلیم، ترقی، امن اور قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی مثر تکمیل اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے، اور بلوچستان کے عوام نے امن کے قیام و ترقی کے لیے جو بے شمار قربانیاں دی ہیں انہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے 28ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا کو ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

WhatsApp
Get Alert