ایف بی آر کا بڑا اقدام، ماہانہ 2 لاکھ روپے یا زائد کریڈٹ کارڈ بل ادا کرنے والوں کی تفصیلات طلب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے اور بڑے مالی لین دین کی نگرانی کے لیے بینکوں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ ماہانہ 2 لاکھ روپے یا اس سے زائد کے کریڈٹ کارڈ بل ادا کرنے والے صارفین کی تفصیلات ٹیکس اتھارٹی کو فراہم کریں۔
نئے نظام کے تحت کمرشل بینک ایسے تمام انفرادی صارفین اور کاروباری اداروں کا ریکارڈ براہ راست ایف بی آر کو ارسال کریں گے جن کی جانب سے ماہانہ کریڈٹ کارڈ بلوں کی ادائیگی مقررہ حد یعنی 2 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہو گی۔
اس اقدام کا مقصد ملک میں ٹیکس مانیٹرنگ کے نظام کو مضبوط بنانا، بڑے مالی لین دین کو دستاویزی شکل دینا اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد بہتر بنانا ہے۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کرتے ہوئے ’’کریڈٹ کارڈ پیمنٹس اسٹیٹمنٹ‘‘ کے نام سے نیا رپورٹنگ فارمیٹ متعارف کرادیا ہے۔ یہ نیا نظام ٹیکس سال 2027 سے نافذ ہوگا، جس میں یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک کا عرصہ شامل ہوگا۔
بینکوں کو کن صارفین کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی؟
نئے قواعد کے مطابق کمرشل بینکوں کو ہر ماہ ان صارفین کی تفصیلات ایف بی آر کو فراہم کرنا ہوں گی جن کے کریڈٹ کارڈ بلوں کی ادائیگی 2 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہو گی۔ اس شرط کا اطلاق انفرادی صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری اداروں پر بھی ہوگا۔
بینک مقررہ فارمیٹ کے مطابق مطلوبہ معلومات مرتب کرکے ایف بی آر کو ارسال کریں گے، جس سے ٹیکس حکام کو بڑے مالی لین دین اور صارفین کے اخراجات کا ریکارڈ رکھنے میں مدد ملے گی۔
ایف بی آر کو کون سی معلومات فراہم کی جائیں گی؟
نئے ضوابط کے تحت بینکوں کو کریڈٹ کارڈ صارفین کی شناخت اور مالی سرگرمیوں سے متعلق مختلف تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں شامل ہیں:
قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) یا پاسپورٹ نمبر
نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این)
اکاؤنٹ ہولڈر کا نام
رہائشی حیثیت
مکمل رہائشی پتہ
رابطہ نمبر
کریڈٹ کارڈ نمبر
کریڈٹ کارڈ جاری ہونے کی تاریخ
صارف کا پیشہ
کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں کی تفصیلات
بینکوں کو فراہم کردہ معلومات کی درستگی اور مکمل ہونے کو بھی یقینی بنانا ہوگا، جبکہ بینک کا مجاز نمائندہ حلف نامے کے ذریعے جمع کرائی گئی معلومات کی تصدیق کرے گا۔
کیا کریڈٹ کارڈ بل کی ادائیگی پر نیا ٹیکس عائد ہوگا؟
ایف بی آر کے اس اقدام کے حوالے سے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم بات یہ ہے کہ 2 لاکھ روپے یا اس سے زائد بل کی ادائیگی پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد مالی لین دین کی نگرانی اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو بہتر بنانا ہے۔ اس لیے ماہانہ 2 لاکھ روپے یا اس سے زائد کریڈٹ کارڈ بل ادا کرنے والے صارفین محض اس ادائیگی کی بنیاد پر خودکار طور پر کسی اضافی ٹیکس کے ذمہ دار نہیں ہوں گے، تاہم ان کی ادائیگیوں کی تفصیلات ایف بی آر کو فراہم کی جائیں گی۔
کریڈٹ کارڈ اخراجات کا ٹیکس ریٹرن سے موازنہ کیا جائے گا
نئے رپورٹنگ نظام کے تحت ایف بی آر صارفین کے کریڈٹ کارڈ اخراجات کا ان کی ظاہر کردہ آمدن اور جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں سے موازنہ کرسکے گا۔
مثال کے طور پر اگر کوئی شخص اپنے ٹیکس گوشوارے میں کم آمدن ظاہر کرتا ہے، لیکن اس کے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ہر ماہ بھاری رقوم کی ادائیگی کی جاتی ہے تو ایف بی آر اس معاملے کا جائزہ لے سکتا ہے۔
ٹیکس حکام یہ جانچ سکیں گے کہ صارف کے اخراجات اس کی ظاہر کردہ آمدن اور دستیاب مالی وسائل سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔
اس نظام سے ممکنہ طور پر غیر ظاہر شدہ آمدن اور مالی سرگرمیوں کی نشاندہی میں بھی مدد ملے گی، جبکہ حکومت کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے، مالی لین دین کو دستاویزی شکل دینے اور ٹیکس وصولیوں میں بہتری لانے میں معاونت حاصل ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert