پاکستان نے تاریخ رقم کردی، پہلا پاکستانی خلا باز بالآخر چینی خلائی اسٹیشن پہنچ گیا

چین (قدرت روزنامہ)پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے 2 چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہوکر بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے۔

چینی خلائی اسٹیشن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام کے مطابق شینژو 24 مشن کا عملہ، جس میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے علاوہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں، کامیابی سے خلائی اسٹیشن پہنچ گیا، جہاں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلا بازوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شینزو 24 ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن سے کامیابی سے منسلک، ذیشان علی بھی تاریخ رقم کرتے ہوئے مدار میں پہنچ گئے

چینی خلائی اسٹیشن کے پیغام میں اس پیش رفت کو مدار میں ایک تاریخی اجتماع قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس موقع پر چین اور پاکستان کے پرچم بھی نمایاں کیے گئے۔

پیغام میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اس پیش رفت سے بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی پروگرام اور چین کے ساتھ سائنسی و تکنیکی تعاون کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے ہیں۔

اس طرح پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن میں اپنے خلا باز کو شامل کرنے والا پہلا غیر ملکی ملک بھی بن گیا ہے۔

پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت دینے اور ان میں سے ایک کو خلائی مشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اپریل 2026 میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا، بعدازاں ذیشان علی کو شینژو 24 مشن کے لیے نامزد کیا گیا۔

اس مشن کے دوران 90 سے زائد سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں کی جائیں گی، جن میں خلائی حیاتیات، مادی سائنس، خلائی طب اور دیگر شعبوں سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ پاکستانی خلا باز مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جن میں مائیکرو الجی پر تجربات بھی شامل ہیں۔

محمد ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کے بعد شینژو 23 کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے، جبکہ چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی اپنے مشن کے تحت مزید تقریباً 6 ماہ تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔

ذیشان علی کون ہیں؟
محمد ذیشان علی پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر اور سابق فوجی پائلٹ ہیں۔ 40 سالہ ذیشان علی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بڑا حصہ فضائیہ میں خدمات انجام دیتے ہوئے گزارا، تاہم خلائی سفر کا خواب پورا کرنے کے لیے انہیں ایک مشکل انتخابی عمل اور سخت تربیت سے گزرنا پڑا۔

پاکستانی خلائی ادارے سپارکو اور چین کے خلائی ادارے نے مشترکہ پروگرام کے تحت خلا بازوں کے انتخاب کا عمل شروع کیا۔ ابتدائی امیدواروں کی طبی جانچ، ذہنی صلاحیت، جسمانی برداشت اور خلائی سفر کے دوران شدید دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔

3 مراحل پر مشتمل جانچ کے بعد ذیشان علی اور پاکستانی پائلٹ خرم داؤد کو چین میں خصوصی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔ بعد ازاں ذیشان علی کو شینزو 24 مشن کے لیے نامزد کیا گیا جبکہ خرم داؤد کو متبادل خلا باز مقرر کیا گیا۔

7 ماہ کی سخت تربیت اور چینی زبان پر عبور
خلائی سفر کے لیے ذیشان علی نے چین کے خلا باز تربیتی مرکز میں تقریباً 7 ماہ تربیت حاصل کی۔ اس دوران انہیں خلائی جہاز کے نظام، خلائی اسٹیشن کے طریقہ کار، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بے وزنی کی حالت میں کام کرنے کی مشق کرائی گئی۔

ان کی تربیت کا ایک اہم حصہ چینی زبان سیکھنا بھی تھا۔ انہیں چینی زبان میں خلائی جہاز کے احکامات، تکنیکی اصطلاحات اور ہنگامی ہدایات سمجھنے اور ان کا جواب دینے کی تربیت دی گئی تاکہ پرواز کے دوران چینی ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

ذیشان علی نے چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی کیں اور چینی زبان میں گفتگو کرکے اپنی تیاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے تربیت کے دوران تعاون پر چینی حکومت اور خلائی تربیتی مرکز کے اساتذہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خلا میں کیا کریں گے؟
ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ اس دوران وہ مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے اور پاکستانی جامعات کے تیار کردہ تحقیقی نمونوں اور آلات پر کام کریں گے۔

پاکستانی جامعات نے خلائی تحقیق کے لیے 300 سے زائد تجاویز سپارکو کو پیش کی تھیں، جن میں سے 4 حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے تجربات منتخب کیے گئے۔ ان تحقیقات کا تعلق غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور خلا میں حیاتیاتی نظام کے رویوں سے ہے۔

ان تجربات میں ضیائی تالیف کرنے والے خردبینی جانداروں پر تحقیق بھی شامل ہے، جس سے یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ خلائی ماحول میں حیاتیاتی نظام کس طرح کام کرتے ہیں۔

ذیشان علی کا بنیادی کام سائنسی تجربات کی انجام دہی ہوگا، وہ خلائی جہاز کے پائلٹ یا کمانڈر نہیں بلکہ تحقیقی سرگرمیوں کے ماہر کے طور پر مشن میں شامل ہیں۔

WhatsApp
Get Alert