فاطمہ ثنا کی قومی ویمنز ٹیم میں واپسی، ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے کپتان مقرر

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کریں گی۔

پی سی بی کے مطابق فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں شرکت کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھیں، تاہم آسٹریلیا میں اپنی پہلی بگ بیش لیگ سیزن میں شرکت کے بعد وہ دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھالیں گی۔

پاکستانی ٹیم دورے کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹی20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ سیریز 8 سے 20 دسمبر تک ڈومینیکا کے شہر روزو کے ونڈسر پارک میں کھیلی جائے گی۔

3 ٹی20 میچز 8، 10 اور 12 دسمبر جبکہ ون ڈے میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو ہوں گے۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 29-2025 کا حصہ ہوگی۔

15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ ربّاب، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان ویمنز چیمپیئن شپ کی موجودہ درجہ بندی میں 5 فتوحات کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔

WhatsApp
Get Alert