این سی سی آئی اے کا ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کیش ریکوری کا دعویٰ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کیش ریکوری کا دعویٰ کر دیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے کراچی میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ معمر امریکیوں سے انشورنس کے نام پر فراڈ کرنے والے 10 میں سے 5 ملزم گرفتار کیے گئے، ایک گاڑی سے 15 کروڑ روپے نقد برآمد کیے، ملزمان کے اکاؤنٹس کا ٹرن اوور 1 ارب 20 کروڑ روپے ہے، دن میں 20، 20 لاکھ روپے خرچ کرتے تھے۔
ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ملزمان سے نوٹ گننے والی مشین، 4 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی 4 قیمتی گاڑیاں، 11 ڈیجیٹل آلات، پاسپورٹ اور فرضی کاروباری فرموں کا بینک ریکارڈ برآمد کیا گیا، ملزمان کے بائنانس اکاؤنٹ میں تقریباً 6 کروڑ مالیت کی کرپٹو کرنسی کی نشاندہی ہوئی، متعلقہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج کو اثاثے منجمد کرنے کی درخواست ارسال کر دی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی نیٹ ورک امریکی بزرگ شہریوں کو طبی آلات وہیلتھ انشورنس کا جھانسہ دیتا تھا، ملزمان امریکی شہریوں کی ذاتی و طبی معلومات میڈیکل بلنگ پارٹنر کو دیتے تھے، امریکی ہیلتھ انشورنس اداروں میں مبینہ طور پر جعلی اور غیر قانونی کلیمز جمع کروائے جاتے تھے، امریکی میڈیکل بلنگ پارٹنر کمیشن اور اخراجات نکال کر باقی رقم ملزمان میں تقسیم کرتا تھا۔
’غیر قانونی نیٹ ورک 2020 سے 2025 تک شاہراہ فیصل پر مختلف نام سے سرگرم رہا۔ فراڈ سے حاصل رقوم مبینہ طور پر حوالہ ہنڈی و مرچنٹ سہولتوں سے پاکستان منتقل ہوتی تھیں۔ غیر قانونی رقوم کی وصولی کیلیے فرضی کمپنیاں اور کاروباری فرمیں قائم کی گئی تھیں۔ دوران تحقیقات رقوم کی منتقلی میں استعمال ہونے والے 23 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ بیشتر مشتبہ اکاؤنٹس سندھ مسلم سوسائٹی میں نجی بینک کی برانچ میں کھولے گئے۔ اکاؤنٹس اوپنگ میں شناخت و تصدیق کے مقررہ ضوابط پر عمل نہیں کیا گیا۔ مشتبہ بینک اکاؤنٹس سے مختصر عرصے میں 1 ارب 20 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔‘
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان نے غیر قانونی آمدنی چھپانے کیلیے مبینہ طور پر جائیدادیں اور ڈیجیٹل اثاثے خریدے۔ ملزمان میں بلال احمد، اسد علی عباسی، طلحہ یونس، ملک ریاض اور عبدالوحید شامل ہیں، مقدمے میں نامزد نجی بینک کے برانچ منیجر سمیت مزید 5 ملزمان تاحال مفرور ہیں، این سی سی آئی اے نے مجموعی طور پر 10 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ملزمان پر ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی، الیکٹرانک جعلسازی اور فراڈ کے الزامات ہیں، ملزمان کے خلاف شناختی معلومات کے غیر قانونی استعمال و جعلی شناخت کی دفعات بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔
ترجمان کے مطابق جرائم سے حاصل رقوم سے خریدے گئے اثاثوں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے، نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد اور بیرون ملک سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا رہا ہے، مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلیے کوششیں جاری ہیں۔
