مدارس کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنیوالے تعصب کی عینک اتاریں:، شرانگیزی کا جواب دلیل و حکمت سے دینگے: جے یو آئی

ایک محلہ بھی امام اور دینی رہنمائی کے بغیر نہیں چل سکتا، مدارس کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنیوالے تعصب کی عینک اتاریں: دکی دستارِ فضیلت تقریب سے مولانا عبدالواسع و دیگر کا خطاب


دکی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) مدارسِ دینی ملک کے اسلامی تشخص، تہذیبی اقدار اور پرامن معاشرت کے مضبوط ترین مینار ہیں، ان کے بغیر معاشرے کی اخلاقی و روحانی بنیادیں قائم نہیں رہ سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و سینیٹر حضرت مولانا عبدالواسع، مولانا صلاح الدین ایوبی، مولانا کمال الدین، حاجی نواز خان کاکڑ اور دیگر مقررین نے جامعہ مظاہر العلوم ضلع دکی میں منعقدہ دستارِ فضیلت کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ مدارسِ دینیہ محض درس و تدریس کے مراکز نہیں بلکہ اسلامی تہذیب کے پاسبان، اخلاقی تربیت کے سرچشمے، اتحاد و اخوت کے علمبردار اور معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ کے مثر ادارے ہیں۔ ایک محلہ بھی مولوی، امام اور دینی رہنمائی کے بغیر اپنے مذہبی و معاشرتی معاملات بخوبی نہیں چلا سکتا، مگر افسوس کہ آج انہی اداروں اور ان سے وابستہ طبقے کو منظم پروپیگنڈے، بے بنیاد الزامات اور مذموم کردارکشی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مدارس کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف شکوک و شبہات کی فضا پیدا کرنے والے عناصر بھی اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ دینی مدارس کسی بیرونی یا خفیہ ایجنڈے کے آلہ کار نہیں بلکہ قرآن و سنت کی تعلیم، اسلامی شعائر کی حفاظت اور نسلِ نو کی دینی و اخلاقی تربیت میں مصروف عمل ہیں؛ تاہم بعض عناصر اپنے مخصوص مفادات اور دوسروں کے ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے مدارس کے روشن کردار پر بدنیتی کے پردے ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقررین نے واضح کیا کہ شرانگیزی کا جواب شرانگیزی، بدتہذیبی کا جواب بدتہذیبی اور الزام تراشی کا جواب الزام تراشی سے دینا ہمارا شیوہ نہیں؛ ہمارا راستہ دلیل، حکمت، متانت، شائستگی اور علمی استدلال کا راستہ ہے۔ ہم اپنے مقف کی صداقت کے لیے نہ کسی کی گالی کے محتاج ہیں اور نہ کسی کی دھمکی سے مرعوب؛ ہماری قوت ہمارا علمی سرمایہ، دینی استقامت اور عوامی اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستارِ فضیلت محض چند طلبہ کے سروں پر عمامہ سجانے کی تقریب نہیں بلکہ علم، کردار، ذمہ داری اور دین سے وفاداری کے ایک نئے عہد کا اعلان ہے۔ فارغ التحصیل علما پر لازم ہے کہ وہ معاشرے میں جہالت، نفرت، انتشار اور اخلاقی انحطاط کے مقابلے میں علم و حکمت کے چراغ روشن کریں، عوام کی دینی رہنمائی کریں اور اپنے کردار و عمل سے اسلام کے حقیقی پیغامِ امن و اعتدال کو اجاگر کریں۔ مقررین نے مدارس کے خلاف منفی مہم چلانے والوں پر زور دیا کہ وہ تعصب کی عینک اتار کر ان اداروں کی بے لوث خدمات کا اعتراف کریں، کیونکہ مدارس کو کمزور کرنے کی ہر کوشش دراصل معاشرے کے دینی، اخلاقی اور تہذیبی وجود کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

WhatsApp
Get Alert