ریاض کے فنانشل سینٹر کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کا دہشت گرد حملہ، 11 افراد زخمی

ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی دارالحکومت ریاض میں فنانشل سینٹر کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملے میں 2 سعودی اور 9 غیر ملکیوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں فنانشل سینٹر کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے دہشتگرد حملے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔

جبکہ پاکستان نے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کے حملے میں زخمی ہونے والوں میں 2 سعودی شہری، 2 بھارتی شہری، 3 نیپالی شہری اور مصر کے 4 شہری شامل ہیں۔

سول ڈیفنس حکام نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ پر کارروائی شروع کر دی اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے ریاض میں فنانشل سینٹر کے ٹاور پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں سعودی شہریوں اور غیر ملکی افراد کے زخمی ہونے پر گہرا افسوس ہے، پاکستان زخمی افراد سے دلی ہمدردی رکھتا ہے اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم سعودی حکام کے فوری ردعمل اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے والے ایسے بزدلانہ حملے قابلِ مذمت ہیں جو علاقائی کشیدگی میں اضافے اور امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ان حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اور سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع اور اپنے شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے.

WhatsApp
Get Alert