سندھ کی طرح بلوچستان اسمبلی سے بھی صوبے کی تقسیم کیخلاف قرارداد منظور کرائی جائے: نوابزادہ لشکری رئیسانی

آئین میں کہیں ہائبرڈ نظام نہیں، مائنز اینڈ منرل ایکٹ لوٹ مار کا قانون ہے، 45 ہزار نوجوان انٹرویو دے کر خالی ہاتھ لوٹے: بلوچستان پیس فورم سیمینار سے مقررین کا خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے سیاسی رہنماﺅں ،صحافیوں ، وکلا اور تاجر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی تحریک صرف صحافیوں کی نہیں اس کی کامیابی سے ریاست مضبوط اور عوام کے مسائل حل ہوں گے،بلوچستان میں ایک بہت بڑی سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے ، صوبے کے امن ترقی ، اجتماعی قومی امور کیلئے ہونے والی ہر سیاسی جدوجہد کی حمایت کریں گے ، یہ بات بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ،نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی ،کوئٹہ پریس کلب کے صدرعرفان سعید ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیرشاہوانی ،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسیٰ روشان،بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری رشید خان ناصر ، بلوچستان بار کونسل کے رکن راحب بلیدی ایڈووکیٹ ، کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضاءالرحمٰن اور تاجر رہنما سید قیوم آغا نے بلوچستان پیس فورم کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب میں آزادی صحافت ،ہماری قومی ذمہ داری کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان بلوچستان چیپٹر کے چیئر پرسن جسٹس ریٹائرڈ ظہوراحمد شاہوانی ، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ ، مرکزی ترجمان علی احمد لانگو ، صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ، بی این پی کے مرکزی فنانس سیکرٹری اختر حسین لانگو ، ہیومن رائٹس سیکرٹری احمد نواز بلوچ ، بی این پی ضلع کوئٹہ کے آرگنائزرحاجی واحد لہڑی ، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری فہد مینگل ایڈووکیٹ ، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ولایت حسین جعفری،پاکستان لیبرفیڈریشن کے رہنما عابد بٹ ، تنظیم نوہزارہ کے وائس چیئرمین سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراداورسیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں ، میڈیا ، سول سوسائٹی ، دانشوروں اور عوام کو یہ فیصلہ کرنا چائیے کہ اس ملک کو کون چلائے گا ، ریاست کے چاروں ستونوں پر اعلانیہ اور غیراعلانیہ پابندیاں ہیں اور سیاسی جماعتیں سمجھوتہ کے تحت اپنا اپنا کوٹہ لے کر اسمبلیوں میں بیٹھی ہیں ، فیڈریشن کی ایک بڑی جماعت سندھ میں نئے صوبوں کی تشکیل کی مخالفت کرتے ہوئے سندھ اسمبلی سے قرار داد منظور کراتی ہے جبکہ خیبر پختواءمیں گورنر راج اور بلوچستان کی تقسیم پر خاموش ہے ،بلوچستان میں بھی مذکورہ جماعت کی حکومت ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کی تقسیم کیخلاف سندھ اسمبلی میں پیش کرکے منظور کرایا گیا ہے اگر ان کی صوبے میں حکومت ہے تو وہ قرار داد بلوچستان اسمبلی سے بھی منظور کرائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ ہم قومی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم کے مخالف نہیں لیکن انتظامی بنیادوں پر قومی اکائیوں کی تقسیم کو قبول نہیں کریں گے، بلوچ اور پشتون دو بھائی ہیں ہم ایک دوسرے کیساتھ رہنا چاہتے ہیں ہم پشتونوں کے قومی تشخص کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے،انہوںنے کہاکہ11 اگست 1947ءکو ایک معاہدے کے تحت بلوچستان پاکستان کا حصہ بنا لیکن آج ہمارے قومی وجود سے انکار کیا جارہاہے، انہوںنے کہاکہ آئین میں کہیں ہائبرڈ نظام نہیں ہے،لیکن اس نظام کے تحت چلنے والوں کو نوازا جارہا ہے،انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے قومی امور سے توجہ ہٹانے کیلئے ایشوز ایجاد کئے جارہے ہیں،بلوچستان کے قبائل نے اپنے سرزمین کا دفاع کیا ہے ،مائنز اینڈ منرلز ایکٹ لوٹ مار کا قانون ہے ،صوبے کے وسائل کو لوٹا جارہاہے، چند سرکاری آسامیوں پرہونے والے انٹرویو میں شرکت کیلئے 45 ہزار لوگ کوئٹہ میں جمع ہوئے اور خالی ہاتھ لوٹے ،انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ایک بہت بڑے سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے ، صوبے کے امن ترقی، اجتماعی قومی امور کیلئے ہونے والے ہر سیاسی جدوجہد کی حمایت کریں گے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے آزادی صحافت کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو میڈیا ان کی آنکھوں کا تارا ہوتا ہے جب یہی جماعتیں حکومت میں ہوتی ہیں تو میڈیا ان کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے۔ آئین ہر شہری کو رائٹ ٹو انفارمیشن کا حق دیتا ہے اس حق کو غصب کرنے کے خلاف پی ایف یو جے نے تحریک کا آغاز کیا ہے۔ اس کے آخری مرحلے میں اسلام آباد میں چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک دھرنا دیا جائیگا۔نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے کہا کہ ملک میں آئین پر عملدرآمد نہیں ہورہا ، اظہار رائے کی آزادی پر قدغن ہے۔حالانکہ اٹھارہویں آئینی ترمیم میں لوگوں کو بولنے کی آزادی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بلوچستان کو نظرانداز کیا جارہا ہے ، آزادی اظہار رائے کی تحریک صرف صحافیوں کی نہیں اس کی کامیابی سے ریاست مضبوط ہوگی اور عوام کے مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے ممکنہ ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے اختیارات چھین کر اسلام آبادمنتقل کرنے کیلئے صوبوں کی تقسیم کی باتیں ہورہی ہیں، ملکی مسائل کے حل کیلئے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ کوئٹہ پریس کلب کے صدرعرفان سعید نے کہا کہ صحافی بھی اس معاشرے کاحصہ ہیں ، پی ایف یو جے کے تحت جاری تحریک میں سیاسی جماعتیں ، سول سوسائٹی کو ایک پیج پر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں 12 ٹی وی چینلز کے بیوروز بند اور 122 میڈیا ورکرز کو برطرف کیا گیا ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیرشاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے صوبے میں سانس لینے کے علاوہ ہرچیز پر پابندی ہے ، سیاسی آوازوں کو دبایا جارہا ہے ، پیکا ایکٹ تحریک انصاف کی حکومت میں منظور کرایا گیا اور آج تحریک انصاف اس ایکٹ کی زد میں ہے ، انہوں نے صحافیوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسیٰ روشان نے صحافیوں کی تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ سیاسی جماعتیں متحد ہوں۔ بلوچستان یونین ا?ف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند نے کہا کہ آزادی اظہار رائے لوگوں کا بنیادی حق ہے جس کے تحفظ کیلئے صحافیوں نے جدوجہد اور مزاحمت کی ہے لیکن بدقسمتی سے سیاسی جماعتوں نے بھی سنسرشپ میں کردار ادا کیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert