پی ایس ایل 12کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ مکمل، میتھیو شارٹ سب سے مہنگےکھلاڑی رہے

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، لیگ کی 8 میں سے 6 فرنچائزز نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدے کرلیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے میتھیو شارٹ براہ راست سائننگ کے مرحلے میں سب سے مہنگے کھلاڑی رہے جن سے راولپنڈیز نے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن سے 7 کروڑ 63 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ ہی کے میٹ ہینری سے 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔

لاہور قلندرز نے سری لنکا کے کامندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے عادل رشید کو 6 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سائن کیا۔

پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے اس مرتبہ کسی کھلاڑی سے براہ راست معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں فرنچائزز کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، تبادلوں اور نیلامی کے ذریعے اپنے اسکواڈز تشکیل دیں گی۔

پی سی بی کے مطابق براہ راست سائننگ کے قواعد کے تحت ہر فرنچائز کو ایسے ایک کھلاڑی سے معاہدے کا اختیار دیا گیا تھا جس نے پی ایس ایل کے دسویں اور گیارہویں ایڈیشن میں حصہ نہ لیا ہو۔

فرنچائزز براہ راست سائن کیےگئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی جس کے لیے 13 جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

تمام 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے والی فرنچائز کے لیے گزشتہ نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری میں شامل ایک کھلاڑی کو دوبارہ نیلامی کے لیے ریلیز کرنا لازمی ہوگا۔

پی ایس ایل 12کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ مکمل، میتھیو شارٹ سب سے مہنگےکھلاڑی رہے
پی ایس ایل کے بارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی۔

ہر فرنچائز کے لیے سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے تاہم نئی براہ راست سائننگ کرنے یا گزشتہ سیزن میں براہ راست سائن کیے گئےکھلاڑی کو برقرار رکھنے والی فرنچائزز کی سیلری کیپ 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔

تمام فرنچائزز کے لیےکھلاڑیوں پر کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا بھی لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ پشاور میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائےگا۔

WhatsApp
Get Alert