’مریم نواز میری لیڈر ہیں‘، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا

لاہور(قدرت روزنامہ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے درمیان کبھی کوئی لڑائی ہوئی ہی نہیں تھی اور مریم نواز ان کی قائد ہیں۔
سرگودھا میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران صلح سے متعلق سوال پر ملک احمد خان نے کہا کہ وہ مریم نواز کے کارکن ہیں اور ان کی قیادت کو تسلیم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ کے درمیان اختلافات کی خبریں حالیہ دنوں میں پنجاب حکومت اور اس کے بعض اتحادیوں کے درمیان سامنے آنے والی کشیدگی کے تناظر میں گردش کرنے لگیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں مبینہ کرپشن اور حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھانے کے بعد مریم نواز نے سخت ردعمل دیا اور انہیں 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا۔ اس معاملے پر دونوں جانب سے بیانات اور قانونی نوٹسز کا تبادلہ بھی ہوا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ملک احمد خان کے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ان کے استقبال سے روکا گیا تھا اور مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف سے انہیں وفاق میں لے جانے کی بات کی تھی۔
ملک احمد خان کے حالیہ بیان کو انہی قیاس آرائیوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ سے اختلافات اور صلح کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے مریم نواز کو اپنی قائد قرار دیا ہے۔
