صوبوں کا چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر اتفاق، تاریخی اصلاحات کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سندھ اور پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی پالیسی پر متفقہ طور پر عمل درآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مذکورہ فیصلے سے ملک کی چینی کی صنعت میں بنیادی تبدیلی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق کیا گیا ہے جس کا مقصد پیچیدہ ریگولیٹری ڈھانچوں کو ختم کرنا اور سادہ و شفاف نظام کے ذریعے کاروبار کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

پالیسی کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔ اس پر وسیع اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ اس شعبے کو جدید بنانا اور اس کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔

نئی پالیسی کا مقصد پاکستان کی چینی کی صنعت کو مسابقتی، شفاف اور مارکیٹ پر مبنی نظام میں تبدیل کرنا ہے۔ اس کے تحت غیر ضروری حکومتی مداخلت کم کی جائے گی اور ویلیو چین کے تمام مراحل پر مواقع اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔

یہ فریم ورک تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول کاشتکاروں، ملرز، تاجروں اور برآمد کنندگان کے فائدے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ حکومت کو توقع ہے کہ اس سے پیداوار میں اضافہ ہوگا، کارکردگی بہتر ہوگی، تجارتی مواقع بڑھیں گے اور صنعت و حکومت دونوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert