بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد کا پی ایم اے کاکول کا دورہ، پاکستان فوج میں گزرا وقت یاد کیا

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنی عسکری تربیت کے ابتدائی ایام کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں گزارے گئے برسوں نے ان کی شخصیت پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔
پاکستان نیشنل اسمبلی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری خبر کے مطابق بنگلہ دیشی اسپیکر کی اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی لیفٹیننٹ جنرل افتخار حسن چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران حافظ الدین احمد کو اکیڈمی کے تربیتی ماحول کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔
اس موقع پر حافظ الدین احمد نے پاکستان آرمی میں اپنے فوجی کیریئر اور پی ایم اے کاکول میں گزارے وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں تربیت کے ابتدائی سال ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہیں گے اور وہ آج بھی ان یادوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کے خیالات پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ عسکری ورثے اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔
بنگلہ دیشی اسپیکر 23 سے 29 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پارلیمانی تعاون بڑھانا، ادارہ جاتی روابط مضبوط کرنا اور دونوں ملکوں کے منتخب نمائندوں کے درمیان باہمی اعتماد اور مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس دورے کی دعوت اور انتظامات کے لیے ذاتی طور پر کوششیں کیں، تاکہ دونوں ملکوں کی پارلیمان کے درمیان تعاون اور مستقبل کی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
