نئے انتظامی یونٹس کیلئے ریفرنڈم لاحاصل ہوگا، یہ صرف پیسوں کا ضیاع ہے: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے لیے ریفرنڈم لاحاصل ہوگا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ آجاتے ہیں کہ ہمیں صوبے بنانے ہیں، جب آپ آتے ہیں تو آپ کو تنقید بھی برداشت کرنی پڑتی ہے، ہم بھی تو کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے لئے مجھ سے کسی نے بھی بات نہیں کی، دوسرا سوال یہ ہے کہ ریفرنڈم کس چیز کے لئے ہے؟ مجھے لگتا ہے کہ یہ ریفنڈم پیسوں کا ضیاع ہے جس کا مقصد کچھ نہیں، اس بعد آپ کو ویسے بھی آئینی طریقہ ہی اپنانا ہے، ریفرنڈم لاحاصل ہوگا، یہ کسی مسئلے کا حل نظر نہیں آتا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو چیزیں آئین میں واضح موجود ہیں ان پر عمل کرنا چاہیے، صوبائی حدود کی تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منطوری کے بغیر نہیں ہوسکتی، ہم نے پہلے ہی دن اپنا نقطہ نظر دے دیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آ کر نیا بلدیاتی قانون بنا رہے ہیں تو یہ غلط ہے، تنقید ہر کوئی کرسکتا ہے لیکن یہ ہمارے منشور میں پہلے ہی شامل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع پر بن رہی ہیں ، حکومت نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوادیا ہے ، عدالت سے درخواست کی ہے کہ 15 دن میں ان عمارتوں کا فیصلہ کریں ، اگر توہین عدالت لگائی تو سامنا کرنے کو تیار ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ری سیٹ کرنے جارہے ہیں، ایس بی سی اے میں 17 لوگوں کی نشاندہی اور کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert