آسٹریلوی پارلیمنٹ میں منفرد منظر، سینیٹر فاطمہ 6 ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھائے تقریر کرتی رہیں، ویڈیو وائرل

آسٹریلیا(قدرت روزنامہ)آسٹریلوی سینیٹر فاطمہ پے مین نے اپنی چھ ماہ کی بیٹی عالیہ کو گود میں اٹھا کر پارلیمنٹ کے ایوان میں تقریر کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
25 نومبر کو آسٹریلوی سینیٹ کے اجلاس کے دوران فاطمہ پے مین اپنی بیٹی کو ساتھ لے کر ایوان میں پہنچیں اور ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر سے متعلق قانون سازی پر بحث کے دوران اپنا خطاب جاری رکھا۔
اس موقع پر ایوان کا ماحول اس وقت خوشگوار ہوگیا جب دیگر سینیٹرز ننھی عالیہ کو دیکھ کر مسکرانے لگے۔ فاطمہ پے مین کے پیچھے بیٹھی آزاد سینیٹر لیڈیا تھورپ نے بھی بچی کے ساتھ کھیل کھیلا جبکہ فاطمہ اپنی تقریر جاری رکھے ہوئے تھیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ فاطمہ پے مین اپنی بیٹی کو پارلیمنٹ لے کر آئی ہوں۔ اس سے قبل 8 ستمبر 2026 کو بھی انہیں سینیٹ کے اجلاس میں اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے دیکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: رخصتی کے بعد مبینہ طور پر دلہن واش روم کا بہانہ بنا کر آشنا کے ساتھ فرار، دلہا سڑک پر دلہن کو تلاش کرتا رہ گیا، ویڈیو وائرل
فاطمہ پے مین نے آسٹریلوی پارلیمانی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کیا کہ وہ مغربی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی پہلی سینیٹر ہیں جنہوں نے اپنے عہدے پر فائز رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔ وہ آسٹریلیا کی پہلی حجاب پہننے والی وفاقی رکنِ پارلیمنٹ بھی ہیں۔
وہ مختلف مواقع پر پارلیمنٹ میں زچگی، بچے کی پیدائش کے بعد صحت یابی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی جانب واپسی کے چیلنجز پر بھی اظہارِ خیال کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماں بننے کا تجربہ خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ کئی مشکلات بھی اپنے ساتھ لاتا ہے، جبکہ خواتین کو خاندانی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
