عوام کےلیے ریلیف، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہوگئے


کراچی(قدرت روزنامہ) کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مال بردار گاڑیوں کے کرائے 5 فیصد کم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے عوام کو بھی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر رانا اسلم نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچتا ہے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کو ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں پر بھی غور کرنا چاہیے۔
رانا محمد اسلم نے مزید کہا کہ دسمبر اور اگست میں ہونے والی ہڑتالوں کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جو وعدے کیے تھے، انہیں بھی پورا کیا جائے۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 314 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 348 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert