جرمنی سمیت یورپ جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، اہم اعلان ہوگیا

کراچی (قدرت روزنامہ) جرمنی سمیت یورپ جانے والے مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، جرمن ایئر لائن نے پاکستان میں براہ راست فضائی آپریشنز شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جرمن ایئرلائن ’یو ایس سی‘ نے پاکستان میں براہِ راست فضائی آپریشنز شروع کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے جرمن فضائی کمپنی یو ایس سی جی ایم بی ایچ کی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول کر لی ہے۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے اس منظوری کے بعد جرمنی اور پاکستان کے درمیان فضائی آپریشنز کے آغاز کا ایک اہم ریگولیٹری مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جرمن ایئرلائن ابتدائی طور پر پاکستان کے دو بڑے شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نامزدگی کی منظوری کے بعد باقاعدہ پروازوں کے اجرا کے لیے دیگر آپریشنل منظوریوں کا مرحلہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

ہوابازی کے ماہرین نے کہا کہ نئی غیر ملکی ایئرلائن کی آمد سے پاکستانی فضائی مارکیٹ میں صحت مند مسابقت بڑھے گی اور جرمنی سمیت یورپ جانے والے مسافروں کے لیے براہِ راست فضائی رابطوں اور سفری سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

مزید برآں، جرمن کمپنی کے فضائی آپریشنز سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے نئے امکانات روشن ہوں گے، جبکہ مقامی ایوی ایشن سیکٹر میں طیاروں کی لیزنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور مقامی بھرتیوں کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert