وسائل کی کمی کسی ہونہار بچے کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، مریم نواز

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی بھی ہونہار بچہ یا بچی صرف مالی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم جاری رکھنے سے محروم نہیں رہے گا، والدین نے بچوں کی تعلیم کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، اب ان کی ذمہ داری حکومت اٹھائے گی۔
یونیورسٹی آف چکوال میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے لاکھوں طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کا آغاز 30 ہزار اسکالرشپس سے کیا گیا تھا، تاہم طلبہ کو درپیش مشکلات اور اس منصوبے کے مثبت اثرات دیکھتے ہوئے اسے وسعت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے طلبہ کے والدین نے بچوں کی فیس ادا کرنے کے لیے گھر کی اشیا فروخت کیں، کمیٹیاں ڈالیں یا اپنی ضروریات کم کر کے ان کی تعلیم جاری رکھنے کی کوشش کی۔ بعض بچوں کے والد یا والدہ دنیا میں نہیں، جبکہ کچھ کے خاندان انتہائی محدود وسائل میں زندگی گزار رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ بچے ذہانت، قابلیت اور محنت میں کسی سے کم نہیں، لیکن وسائل کی کمی ان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔ کسی بھی حکومت کے لیے یہ شرم کا مقام ہے کہ ایک قابل اور ہونہار بچہ صرف غربت کی وجہ سے تعلیم جاری نہ رکھ سکے۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب ان کی تعلیم جاری رکھنے کی ذمہ داری ان کے والدین کے ساتھ حکومت کی بھی ہے۔ طلبہ گھر جا کر اپنے والدین کے پاؤں چھوئیں اور ان کی محنت، قربانیوں اور ثابت قدمی پر شکریہ ادا کریں، کیونکہ آج وہ جس مقام پر پہنچے ہیں، اس میں والدین کی جدوجہد کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ، لیپ ٹاپ اور اسکوٹی جیسے اقدامات کا مقصد طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی باصلاحیت نوجوان مالی مشکلات کے باعث پیچھے نہ رہ جائے۔
مریم نواز نے چکوال میں جاری ترقیاتی اور تعلیمی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہاں اسکول آف ایکسیلنس کا افتتاح کیا گیا، جبکہ 2 نواز شریف اسکول آف ایمننس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ان کے بقول اسکول آف ایمننس محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث پیچھے رہ جانے والے بچوں کی ترقی کا ذریعہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے چکوال کے عوام سے گزشتہ ڈھائی سے 3 برس کے دوران اپنی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ کیا اس عرصے میں ضلع میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ان کی اصل سرمایہ کاری اور تحریک ہیں اور آج کی تقریب کے بعد وہ چکوال کی ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ جذبے، لگن اور محنت کے ساتھ کام کریں گی۔
