بجلی صارفین کے لیے بڑا ریلیف، فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی حد 83 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک بجلی کے نرخوں میں استحکام برقرار رکھنے اور صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اچانک اضافے سے بچانے کے لیے نیا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت تین ماہ کے دوران فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں اضافے کی زیادہ سے زیادہ حد 83 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کم کرنا اور صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے سے روکنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جب موجودہ حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو ملک میں بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 تک کم ہو کر 44 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہ گیا۔ اس طرح اس عرصے کے دوران بجلی کے قومی اوسط نرخ میں 8 روپے 76 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی۔
اسی طرح صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ پر آگیا، جس سے صنعتی شعبے کو 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کا ریلیف ملا۔
پاور ڈویژن کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اس کے باوجود حکومت نے اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے تک کے ممکنہ اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھا۔
اس عرصے میں فیول پرائس اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا گیا۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ موسم سرما میں پن بجلی کی پیداوار کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے تھرمل ذرائع پر انحصار بڑھ جاتا ہے۔ بعض مہینوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار کا 80 فیصد سے زائد حصہ تھرمل ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے، جس سے بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کی تجویز
دوسری جانب پاور ڈویژن نے مستقبل میں ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک نیا اور مستقبل پر مبنی طریقہ کار بھی تجویز کیا ہے۔
منصوبے کی منظوری کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو اس نظام پر عمل درآمد کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
حکومت کو توقع ہے کہ مجوزہ نظام کے نفاذ سے بجلی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں اچانک اضافے سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکے گا۔
حکومتی منصوبے کے تحت اکتوبر سے دسمبر 2026 کے دوران فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو زیادہ سے زیادہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز صارفین کے لیے اہم ریلیف ثابت ہو سکتی ہے۔
