پنجاب میں سکول ٹرپس پر پابندی، 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے کے مطالعاتی دورے ممنوع قرار
یہ فیصلہ ٹرانسپورٹ سیفٹی، حادثات اور اسموگ کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا، پابندی کا اطلاق صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں پر ہوگا، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے طلبہ کی حفاظت، ٹرانسپورٹ سیفٹی اور سردیوں میں اسموگ و دھند کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر سکول ٹرپس اور مطالعاتی دوروں پر پابندی عائد کر دی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت پابندی کا اطلاق پورے صوبے کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا، نئی ہدایات کے تحت تعلیمی ادارے صرف اپنے متعلقہ ضلع کے اندر یا زیادہ سے زیادہ 50 کلومیٹر کے دائرے میں ہی تفریحی یا مطالعاتی دوروں کا اہتمام کر سکیں گے، جبکہ اس حد سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا ہے کہ ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، اور غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران اور سکول سربراہان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، یہ فیصلہ حالیہ عرصے میں سکولوں کے ٹرپس اور دوروں کے دوران پیش آنے والے ٹریفک حادثات، ٹرانسپورٹ سیفٹی کے خدشات اور سردیوں میں بڑھتی ہوئی اسموگ و دھند کے باعث کیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں طلبہ کو لے جانے والی گاڑیوں کے حادثات اور آتشزدگی کے واقعات نے طویل فاصلے کے دوروں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی حالت اور حفاظتی انتظامات پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں، اس کے علاوہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی اسموگ اور دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے اور فضائی آلودگی میں اضافے سے صبح سویرے سفر کرنے والے بچوں کی صحت کو لاحق خطرات بھی اس اقدام کی اہم وجہ بنے ہیں۔
علاوہ ازیں پنجاب میں سکول ٹرپس کے حوالے سے حفاظتی ضوابط اور ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں جن کے تحت دوروں کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے پاس درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور کمرشل پرمٹ ہونا لازمی ہے، اوور لوڈنگ کی اجازت نہیں ہوگی، دورے کے انعقاد سے قبل متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے پیشگی منظوری اور والدین کی تحریری اجازت حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی کہا گیا تھا کہ ہر 15 طلبہ کے لیے کم از کم ایک استاد کی موجودگی، سینئر استاد کی نگرانی، فرسٹ ایڈ کٹس اور طلبہ کی طبی معلومات و ایمرجنسی رابطہ نمبرز ہمراہ رکھنا لازمی ہو گا، خراب موسم یا رات کے وقت ہائی وے اور پہاڑی علاقوں میں سفر سے گریز اور اسموگ کے دوران بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی۔
