اسلام آباد میں عالمی صحافی کے گھر نقب زنی کی مبینہ کوشش

محسن نقوی کا تو دعویٰ ہے کہ اسلام آباد کو دنیا کا محفوظ ترین دارالحکومت بنا دیا گیا، درخواست دینے کے باوجود محفوظ ترین دارالحکومت کے محافظوں نے مقدمہ نہیں درج کیا؛ صحافی محمد عمیر کی ایکس پوسٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انتہائی پوش اور مہنگے ترین سیکٹر جی سکس میں ایک معروف عالمی صحافی کے گھر نقب زنی کی مبینہ کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرِ عام پر آ گئیں، صحافی محمد عمیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ درخواست دینے کے باوجود تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منظرِ عام پر آنے والی موبائل اسکرین ریکارڈنگ اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ 28 نومبر 2026ء کی علی الصبح پیش آیا، جس میں گھر کے مختلف کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھی جا سکتی ہے، کیمرہ نمبر 4 کی فوٹیج میں صبح تقریباً 4 بج کر 56 منٹ پر بالکنی اور گیلری کے حصے میں ہلکے رنگ کی ہوڈی یا جیکٹ اور سر پر ہڈ اوڑھے ایک شخص کو آگے بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جس کے چند لمحوں بعد کیمرے کا زاویہ تبدیل ہوتا دکھائی دیتا ہے اور منظر دھندلا کر دیوار یا کسی سطح کی جانب مڑ جاتا ہے، جب کہ کیمرہ نمبر 5 کی فوٹیج میں صبح تقریباً 5 بج کر منٹ بجے کے قریب صحن اور ٹائل شدہ راستے پر سیاہ لباس اور سر ڈھانپے ایک مشکوک شخص کو گیٹ پھلانگ کر تیزی سے گزرتے اور دوسری جانب بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واقعے کے حوالے سے صحافی محمد عمیر نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اسلام آباد کو محفوظ ترین دارالحکومت بنانے کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم اسی شہر کے پوش اور مہنگے سیکٹر جی سکس میں نامعلوم ملزمان نے ایک معروف عالمی صحافی کے گھر نقب زنی کی کوشش کی، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ایک ملزم کو گیٹ پھلانگتے جبکہ ایک کو بالکنی پر لگے کیمرے کا رخ بدلتے دیکھا جا سکتا ہے، درخواست دینے کے باوجود متعلقہ حکام نے تاحال اس واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ دارالحکومت کے مرکزی اور محفوظ سمجھے جانے والے سیکٹر جی سکس میں علی الصبح مشکوک افراد کی موجودگی اور مبینہ نقب زنی کی کوشش نے شہریوں اور صحافتی حلقوں میں سیکیورٹی انتظامات اور فوری قانونی کارروائی کے حوالے سے سوالات کو جنم دیا ہے، متعلقہ حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ فوری درج کرکے ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور سکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert