طاقتیہ اور سیاسیہ میں جو گہرا اور با اعتماد رشتہ قائم تھا اس میں دراڑ پڑ رہی ہے، سہیل وڑائچ کا دعویٰ

نون اور پیپلزپارٹی ری سیٹ کو مان لیں تو کیا ضمانت ہے کہ نئے ری سیٹ سے انقلابی سیاسی و سماجی اور قانونی تبدیلیاں آجائیں گی، تبدیلیاں نہ آئیں تو نظام کے انہدام کو پتھر پر لکیر سمجھیں؛ سینئر صحافی کا تجزیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ ریفرنڈم، نئے صوبوں اور ری سیٹ کی تجاویز پر حکومتی اتحادی تذبذب کا شکار ہیں، اعتماد کے رشتے میں دراڑ پڑ رہی ہے، اگر مجبوراً آئینی و انتظامی ری سیٹ کو تسلیم بھی کر لیا جائے تو اس کی کوئی ضمانت نہیں کہ اس سے انقلابی تبدیلیاں آئیں گی، تبدیلی نہ آنے کی صورت میں نظام کے انہدام کو یقینی سمجھا جانا چاہیئے، سیاسی محاذ آرائی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں کشمکش اپنے انجام کی طرف بڑھتی ہے، اس لیے ٹکراؤ کے بجائے مفاہمت اور درمیانی راستہ اپنانا ناگزیر ہے۔
اس حوالے سے اپنے کالم میں سہیل وڑائچ نے لکھا کہ ریفرنڈم، نئے صوبوں اور ری سیٹ کی تجویز پر تمام حکومتی اتحادی تذبذب کا شکار ہیں اور بااعتماد رشتے میں دراڑ پڑ رہی ہے، اگر ریفرنڈم، نئے صوبوں اور ری سیٹ کا معاملہ طے بھی ہو جائے تو اعتماد کے اس رشتے کو دوبارہ کون جوڑے گا؟ اگر مسلم لیگ ن طوعاً و کرہاً اور پیپلز پارٹی جبراً آئینی و انتظامی ری سیٹ کو مان بھی لے تو اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ نیا ری سیٹ ایسے نتائج دے گا جس سے انقلابی سیاسی، سماجی اور قانونی تبدیلیاں آ جائیں گی، اگر یہ تبدیلیاں وقوع پذیر نہ ہوئیں تو نظام کے انہدام کو پتھر پر لکیر سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب لڑائی کا فائنل راؤنڈ شروع ہو جائے تو مشہور محاورہ بولا جاتا ہے کہ خنجر یا چاقو نکل آئے ہیں اور اب کشمکش آخری انجام تک جائے گی، لڑائی ذاتی ہو یا سیاسی، نقصان فاتح اور مفتوح دونوں کو پہنچتا ہے، جس میں مفتوح فوراً انجام کی طرف جاتا ہے، فاتح کا اپنے انجام کی طرف سفر تیز تر ہو جاتا ہے، اسی لیے عقلمند سیاستدان چاقو نہیں نکالتے درمیانی راستہ نکال کر ملک و ملت کا بھلا کرتے ہیں، لڑنے اور لڑانے والے فتح کے باوجود خسارہ اٹھاتے ہیں کیونکہ فتح و شکست کے زخم و داغ نہیں بھولتے، لڑائیوں کے کڑوے پھل دہائیوں تک کھانے پڑتے ہیں۔
تاریخی حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق نے چلتے ہوئے سسٹم سے وزیراعظم جونیجو کو نکال باہر کیا تو جونیجو گئے تو جنرل ضیاء بھی غروب ہو گئے، جب کہ جنرل مشرف نے اپنی ہی اتحادی ق لیگ کو فارغ کیا تو خود بھی اپنے انجام سے ہمکنار ہوئے، چاقو نہ نکالنے کی بات اس لیے کی گئی ہے کہ گھر کی مرمت کرلی جائے اور گھر کو مسمار نہ کیا جائے کیونکہ پیوند لگانا بہتر ہے اور لباس پھاڑنا خطرناک ہوتا ہے، مکھی مارنے کے لیے جب بھی توپ چلائی گئی تو مکھی کے ساتھ توپ کا مستقبل بھی خطرے میں پڑا ہے اور کہیں علاج مرض سے مہلک ثابت نہ ہو جائے۔
تجزیہ کار کا مؤقف ہے کہ چاقو تو نکلے ہی ہوئے ہیں مگر کانٹوں کی مالا نظام کے گلے میں پڑ رہی ہے، اور کابینہ کی اندرونی لڑائیاں، خاص وزیروں اور عام وزیروں میں تفریق، طاقتور وزیر کی وزیراعظم سیکریٹریٹ سے مسلسل لڑائی، پنجاب حکومت کے خلاف صف بندی اور پیپلز پارٹی کو نظام سے نکال کر نئی مخلوط حکومت کی تیاریاں نظام کے لیے کانٹے بونے کے علاوہ کسی اور بات پر منتج نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے ایک دم نہیں ہوتے بلکہ غلطی پر غلطی کرنے، مکھی پر مکھی مارنے اور خود اپنی طاقت کا بار بار امتحان لینے کی کوشش بالآخر کسی بڑے حادثے کو جنم دیتی ہے، اور اگر اپنی طاقت پر ناز ہو جائے، تکبر و نخوت میں اضافہ ہو جائے، اختلافِ رائے کو دشمنی پر محمول کر کے ہر اختلاف کرنے والے کو عبرت کی مثال بنانے کی کوشش کی جائے اور اپنے ہی ساتھیوں پر شک کر کے انہی کے خلاف سازشوں پر خاموشی برتی جائے تو یہ سمجھنا چاہیے کہ زوال کا سرکش گھوڑا تیزی سے کسی المیہ انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert