مکہ دفاعی معاہدہ کسی ایک خاص ایونٹ سے ہٹ کر بڑے عزائم رکھتا ہے، کامران یوسف
تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ کمیٹی کی میٹنگ میں حوثی گروہ کو واضح طور پر خطرہ قرار دیا گیا ہے، جس کی پاکستان اور ترکی نے بھی توثیق کی ہے، سینئر صحافی کامران یوسف کا تجزیہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی کامران یوسف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہمکہ دفاعی معاہدہ کسی ایک خاص ایونٹ سے ہٹ کر بڑے عزائم رکھتا ہے، تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ کمیٹی کی میٹنگ میں حوثی گروہ کو واضح طور پر خطرہ قرار دیا گیا ہے، جس کی پاکستان اور ترکی نے بھی توثیق کی ہے۔
کامران یوسف کا کہنا تھا کہ یہ جو مشترکہ اعلامیہ کل جاری ہوا، جو مکہ پیکٹ کے حوالے سے کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، اس سے پہلے استنبول اور ریاض میں ہونے والی دو میٹنگز میں کسی گروہ کے حوالے سے بات نہیں کی گئی، لیکن کل اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ میں واضح طور پر ایک گروہ کو خطرہ ڈیکلیئر کیا گیا ہے، کیونکہ وہ سعودی عرب کے لیے تو خطرہ ہے ہی، لیکن پاکستان اور ترکی نے بھی اس مؤقف کی توثیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کی میٹنگ کی مزید تفصیلات کو پبلک نہیں کیا گیا، تاہم ترکی کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مکہ دفاعی معاہدہ دنیا میں اس نوعیت کے دیگر اتحادوں کے مقابلے میں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
کامران یوسف کے مطابق اس معاملے کی نوعیت دفاعی ہے، جبکہ طویل المدتی تناظر میں اس حوالے سے جو بات کی جا رہی ہے وہ مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کی ہے۔
تینوں ممالک کی دفاعی قیادت اور افواج کو اکٹھا کرنے کی بات کی گئی ہے، جبکہ اس وقت بھی مختلف ایس او پیز اور فریم ورک تیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے یہ معاہدہ آگے بڑھ رہا ہے، یہ ایک صحیح سمت کی طرف رواں ہے۔ اس حوالے سے مختلف پہلوؤں پر کام جاری ہے اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ بعض لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کی کسی لڑائی میں مداخلت کرے گا، لیکن اس معاہدے کے عزائم کسی ایک خاص ایونٹ سے ہٹ کر کئی بڑے ہیں۔
کامران یوسف نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تینوں اتحادیوں نے اب تک اس معاہدے کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ اس کے تحت دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف امور پر پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے حوالے سے تیار کیے جانے والے فریم ورک اور ایس او پیز مستقبل میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی سمت متعین کریں گے، جبکہ اس اتحاد کی پیش رفت کو تینوں ممالک کی جانب سے مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
